اوہائیو: ڈائپر بنانے والی ایک مشہور ملٹی نیشنل کمپنی نے نوزائیدہ بچوں کی دیکھ بھال کےلیے ایک نئے اور خودکار نظام کا اعلان کیا ہے جسے اس سال کے اختتام تک مارکیٹ میں پیش کردیا جائے گا۔ اس نظام کو ’’اسمارٹ ڈائپر‘‘ بھی کہا جارہا ہے۔
یہ نظام جسے ’’لومی‘‘ کا نام دیا گیا ہے، انٹرنیٹ سے منسلک ہوگا اور نوزائیدہ بچے کے بارے میں تمام ضروری معلومات اس کے والدین کو ایک خاص ایپ کے ذریعے فراہم کرتا رہے گا۔ مثلاً یہ کہ بچے کا ڈائپر گیلا ہوگیا ہے، اسے دودھ پیے ہوئے ایک گھنٹہ ہوچکا ہے، بچے کو سوئے ہوئے دو گھنٹے گزر چکے ہیں وغیرہ۔
یہ نظام ایک ہلکے پھلکے اور نرم بے بی ڈائپر کا حصہ ہوگا جو بچے کے معمولات سے لے کر اس کی صحت تک پر نظر رکھے گا۔ کمپنی نے یہ تو نہیں بتایا کہ ’’لومی‘‘ کی قیمت کتنی ہوگی لیکن اتنا ضرور کہا ہے کہ یہ عام بے بی ڈائپرز کے مقابلے میں بہت زیادہ مہنگا ہوگا، یعنی فی الحال اس کے اخراجات برداشت کرنا مالدار گھرانوں ہی کے بس میں ہوگا۔ ’’اسمارٹ ڈائپر‘‘ میں دلچسپی رکھنے والے صارفین سے آن لائن آرڈر لیے جارہے ہیں اور پہلے مرحلے پر اس کی فروخت بذریعہ انٹرنیٹ ہی شروع کی جائے گی۔ اگلے مرحلے پر اسے سپر مارکیٹس اور دکانوں پر برائے فروخت رکھا جائے گا۔
The post اور اب پیشِ خدمت ہے… اسمارٹ ڈائپر appeared first on ایکسپریس اردو.