انضمام کا بطور چیف سلیکٹر دور تلخ یادوں کے ساتھ ختم

 لاہور: انضمام الحق کا بطور چیف سلیکٹر دور تلخ یادوں کے ساتھ اختتام کو پہنچ گیا۔

انضمام الحق کو اپریل 2016میں چیف سلیکٹر مقرر کیا گیا تھا،ورلڈکپ میں قومی ٹیم کی سیمی فائنل تک رسائی میں ناکامی کے بعد ان کی رخصتی نوشتہ دیوار تھی، سابق کپتان نے صورتحال کو بھانپتے ہوئے 17جولائی کو ہی معاہدے میں توسیع نہ لینے کا اعلان کردیا تھا۔

معاہدے کی مدت گزشتہ روز مکمل ہوئی، یوں عملی طور پر ان کی پی سی بی کے ساتھ وابستگی ختم ہوگئی،اگرچہ انھوں نے کسی اور حیثیت میں پاکستان کرکٹ کیلیے کام کرنے کا عندیہ دیا تھا لیکن اس کا زیادہ امکان نظر نہیں آرہا،یوں انضمام الحق کے بطور چیف سلیکٹر دور کا تلخ یادوں کے ساتھ اختتام ہوگیا۔

سابق کپتان نے کمان سنبھالی تو آغاز میں ہی سابقہ کارکردگی کی بنیاد پر قومی ٹیسٹ ٹیم آئی سی سی رینکنگ میں نمبر ون بنی، بعدازاں ایسی زوال آمادہ ہوئی کہ ساتویں پوزیشن تک جا پہنچی،ہر بار یہی کہا گیا کہ یونس خان اور مصباح الحق کا خلا پُرکرنے کی کوشش کررہے ہیں جو ابھی تک نہیں ہوسکا۔

ان کے دور میں پاکستان نے 28ٹیسٹ کھیلے، 10جیتے اور 17میں مات ہوئی، ایک مقابلہ ڈرا ہوا،ون ڈے کرکٹ میں گرین شرٹس نے 68میچز میں سے 32جیتے اور 34میں ناکامی ہوئی، 2 بے نتیجہ رہے، فتوحات بھی سری لنکا، زمبابوے اور افغانستان جیسی کمزور ٹیموں کیخلاف تھیں۔

سب سے بڑی کامیابی چیمپئنز ٹرافی کی صورت میں حاصل ہوئی، پاکستان ٹیم اس وقت آئی سی سی رینکنگ میں چھٹے نمبر پر ہے، ٹی ٹوئنٹی میں گرین شرٹس نے تیسری سے نمبر ون پوزیشن پر قبضہ جمایا اور برقرار بھی رکھا، 37میچز میں سے 30جیتے اور 7میں ناکامی ہوئی۔

The post انضمام کا بطور چیف سلیکٹر دور تلخ یادوں کے ساتھ ختم appeared first on ایکسپریس اردو.



شکریہ ایکسپریس اردو » کھیل

ایک تبصرہ شائع کریں

جدید تر اس سے پرانی

ویب سائٹ کے بارے میں