میکسیکو: سائنسدانوں نے شارک کی ایک ننھی منی قسم شناخت کی ہے جس کا جسم روشنی میں تو سیاہ دکھائی دیتا ہے لیکن اس کی پوری کھال پر ’’فوٹو فورز‘‘ نامی غدود موجود ہیں جن کی وجہ سے یہ اندھیری میں چمکتی بھی ہے۔ اس کی جسامت صرف 5.5 اِنچ ہے، یعنی یہ ایک عام انسان کی ہتھیلی سے بھی چھوٹی ہے۔
اسے پہلے پہل فروری 2010ء میں خلیج میکسیکو سے، تقریباً 1100 فٹ کی سمندری گہرائی میں دریافت کیا گیا تھا لیکن تب اسے 1979ء میں دریافت کی گئی ایک اور پاکٹ شارک کا دوسرا زندہ نمونہ سمجھ لیا گیا۔ البتہ، حال ہی میں جب اس کا نئے سرے سے جائزہ لیا گیا تو معلوم ہوا کہ یہ پاکٹ شارک کی ایک نئی نوع ہے جو سابقہ دریافت کے مقابلے میں خاصی مختلف بھی ہے۔
یہ اتنی نایاب ہے کہ گزشتہ ساڑھے نو سال کے دوران ایسی کوئی دوسری پاکٹ شارک نہیں مل سکی ہے، جبکہ پچھلے چالیس سال میں صرف دو پاکٹ شارکس ہی دریافت کی جاسکی ہیں۔
اس نئی نوع کو Mollisquama mississippiensis کا سائنسی نام دیا گیا ہے؛ جبکہ اس کی تفصیلات ’’زوٹیکسا‘‘ نامی ریسرچ جرنل میں شائع ہوئی ہیں۔
واضح رہے کہ عام خیال کے برعکس، شارک مچھلیاں بھی مختلف جسامتوں کی ہوتی ہیں جن میں 46 فٹ طویل ’’وہیل شارک‘‘ سے لے کر صرف 6 اِنچ جتنی ’’ڈوارف لینٹرن شارک‘‘ تک شامل ہیں۔ نئی شناخت کی گئی پاکٹ شارک کی جسامت، ڈوارف لینٹرن شارک سے بھی کم ہے لیکن صرف ایک نمونے کی بنیاد پر اس کے سب سے چھوٹی شارک ہونے کا حتمی فیصلہ نہیں کیا جاسکتا۔
The post ننھی منی ’’پاکٹ شارک‘‘ جو اندھیرے میں چمکتی بھی ہے! appeared first on ایکسپریس اردو.