کیوی پیسرز مضبوط بھارتی بیٹنگ میں شگاف ڈالنے کیلیے بے قرار

مانچسٹر:  ورلڈ کپ کا پہلا سیمی فائنل منگل کو بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلا جائے گا جب کہ کیوی پیسرز مضبوط بھارتی بیٹنگ میں شگاف ڈالنے کیلیے بے قرار ہیں۔

2015 کے رنر اپ نیوزی لینڈ کی اب تک مہم ملی جلی رہی، ابتدائی کامیابیوں کے بعد اسے آخری 3 میچز میں لگاتار ناکامی کا سامنا کرنا پڑا، صرف نیٹ رن ریٹ کے بل بوتے پر ٹیم سیمی فائنل میں پہنچنے میں کامیاب ہوئی ورنہ یہ میچ پاکستان اور بھارت کے درمیان ہورہا ہوتا۔

قسمت کی جانب سے ملنے والے اس اہم موقع کو کیویز بالکل بھی گنوانے کو تیار نہیں ہیں، انھیں اپنے اوپنر مارٹن گپٹل سے بدستور اچھی پرفارمنس کا انتظار ہے جو ابھی تک زیادہ کارآمد ثابت نہیں ہوئے ہیں۔

اگرچہ بھارتی ٹیم اس مقابلے میں ہاٹ فیورٹ مگرکیویز کی قیادت کین ولیمسن کی صورت میں ایسے کپتان کے سپرد ہے جو خود سامنے سے قیادت پر یقین رکھتے ہیں۔ ان کے ساتھ ٹرینٹ بولٹ بھی امیدوں کا مرکز ہوں گے جنھوں نے بھارت سے وارم اپ میچ میں 4 وکٹیں لے کر اپنی ٹیم کی 6 وکٹ سے فتح میں اہم کردار ادا کیا تھا، لوکی فرگوسن اور میٹ ہنری بھی اچھا پرفارم کر سکتے ہیں،کیویز پیس اٹیک کے بل پر ہی بھارتی بیٹنگ کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں۔

دوسری جانب بھارتی کرکٹ ٹیم نے ورلڈ کپ مہم کے دوران فٹنس مسائل سے دوچار ہونے پر بھی ابتدائی مرحلے کا اختتام پوائنٹس ٹیبل پر ٹاپ پوزیشن کے ساتھ کیا، اس نے 8 مکمل ہونے والے میچز میں سے 7 میں کامیابی حاصل کی، اس وقت اوپننگ بیٹسمین روہت شرما انتہائی شاندار فارم میں ہیں،ان کا بیٹ تسلسل کے ساتھ رنز اگل رہا ہے، وہ پہلے ہی اس ایونٹ میں 5 سنچریاں اسکور کرچکے ہیں، نئے اوپننگ پارٹنر لوکیش راہول بھی گذشتہ 2 میچز میں 77 اور 111 کی اننگز کھیلنے میں کامیاب رہے۔

بولنگ اٹیک کی قیادت جسپریت بمرا کررہے ہیں،ان کے یارکر حریف بیٹسمینوں کو خوف میں مبتلا کرچکے ہیں، ویرات کوہلی کو بولنگ ڈپارٹمنٹ میں کچھ دلچسپ فیصلے کرنے کی ضرورت پڑے گی تاکہ وہ ناک آئوٹ میچ میں بہترین کمبی نیشن میدان میں اتار سکیں۔

بھارتی ٹیم کی نگاہیں فائنل میں جگہ بنانے پر مرکوز اور کیویز کی صورت میں قدرے آسان حریف میسر آنے کی وجہ سے انھیں اپنا آگے کی جانب راستہ بظاہر صاف دکھائی دے رہا ہے۔

روہت شرما کے ساتھ کپتان ویرات کوہلی سے بھی بہت زیادہ توقعات وابستہ ہیں جو اب تک 8 اننگز میں 442 رنز بناچکے مگر ٹورنامنٹ میں ایک بھی تھری فیگر اننگز رجسٹر نہں کرائی، سیمی فائنل جیسا ہائی پریشر میچ کوہلی کو اپنی ٹیم کیلیے ایک اور فتح گر اننگز کا موقع فراہم کررہا ہے۔

The post کیوی پیسرز مضبوط بھارتی بیٹنگ میں شگاف ڈالنے کیلیے بے قرار appeared first on ایکسپریس اردو.



شکریہ ایکسپریس اردو » کھیل

ایک تبصرہ شائع کریں

جدید تر اس سے پرانی

ویب سائٹ کے بارے میں