لال بیگ کی طرح سخت جان روبوٹ

برکلے، کیلیفورنیا: یونیورسٹی آف کیلیفورنیا برکلے کے انجینئروں نے لال بیگ جیسے ننھے منے لیکن انتہائی سخت جان روبوٹ ایجاد کرلیے ہیں جو اگرچہ صرف 20 سے 65 ملی گرام وزنی ہیں لیکن 60 کلوگرام (132 پاؤنڈ) جتنا دباؤ بہت آرام سے برداشت کرسکتے ہیں جو ان کے اپنے وزن کے مقابلے میں دس لاکھ گنا سے بھی زیادہ ہے۔

صرف یہی نہیں بلکہ ان کے زمین پر رینگنے کا انداز بھی لال بیگوں جیسا ہے۔ انہیں خاص طور پر ایسے حالات میں امدادی کارروائیوں کےلیے بنایا جارہا ہے کہ جو انسانوں کےلیے ہلاکت خیز ہوں۔

یونیورسٹی آف کیلیفورنیا برکلے میں مکینیکل انجینئرنگ کے پروفیسر لیوی لین کہتے ہیں کہ اب تک بنائے گئے بیشتر چھوٹے روبوٹس (مائیکرو بوٹس) خاصے نازک ہیں۔ اگر آپ ان پر پیر رکھ دیں گے تو تباہ ہوجائیں گے۔ لیکن یہ نئے روبوٹس بہت سخت جان ہیں اور ’’اگر ہم ان روبوٹس پر کچھ دیر کے لیے پیر رکھیں گے، اس کے بعد بھی یہ اپنا کام بخوبی کرتے رہیں گے،‘‘ پروفیسر لیوی نے کہا۔

اس دعوے کے ثبوت میں یو سی برکلے نے یوٹیوب پر ایک ویڈیو بھی جاری کی ہے:

ان روبوٹس کی جسامت ایک بڑے ڈاک ٹکٹ جتنی ہے اور انہیں ’’پی وی ڈی ایف‘‘ کہلانے والے ایک پیزو الیکٹرک مٹیریل کی پتلی شیٹ سے تیار کیا گیا ہے۔ پیزو الیکٹرک مٹیریلز یا ’’داب برق مادّے‘‘ وہ ہوتے ہیں جو بجلی گزارنے پر پھیلتے سکڑتے ہیں یا پھر دباؤ ڈالنے اور کھینچنے پر بجلی بناتے ہیں۔ پی وی ڈی ایف کے ٹکڑے پر ایک لچک دار پولیمر کی پرت چڑھائی گئی جس سے وہ تھوڑا سا خم کھا گیا۔ آخر میں اس کی اگلی ’’ٹانگیں‘‘ نصب کرکے روبوٹ تیار کرلیا گیا۔

جب اس ٹکڑے میں سے بجلی گزاری جاتی ہے تو یہ بڑی تیزی سے بار بار ٹیڑھا اور سیدھا ہوتا ہے، جس کی وجہ سے یہ اپنی اگلی ٹانگوں پر ’’دوڑنے‘‘ لگتا ہے۔ اب تک کے تجربات سے معلوم ہوا ہے کہ یہ روبوٹ اپنی لمبائی سے 20 گنا فاصلہ صرف ایک سیکنڈ میں طے کرلیتا ہے… اسی طرح جیسے اصل لال بیگ، زمین پر تیزی سے رینگتا ہے۔ یوں یہ کیڑے مکوڑوں جتنے روبوٹس میں سب سے تیز رفتار بھی قرار دیا جاسکتا ہے۔

یہ نالیوں میں سے گزر سکتا ہے، چھوٹی موٹی ڈھلوان سطحوں پر چڑھ سکتا ہے اور اس پر مونگ پھلی جیسا کوئی وزن بھی لادا جاسکتا ہے۔ اپنی موجودہ حالت میں یہ پروٹوٹائپ روبوٹ بہت سادہ ہے اور فی الحال اس سے کوئی کام نہیں لیا جاسکتا۔ البتہ، اگلے مرحلے میں اسے امدادی کاموں کےلیے بہتر بنایا جائے گا۔

اس ایجاد کی تفصیلات ’’سائنس روبوٹکس‘‘ نامی ریسرچ جرنل کے تازہ شمارے میں شائع ہوئی ہیں۔

The post لال بیگ کی طرح سخت جان روبوٹ appeared first on ایکسپریس اردو.


ایک تبصرہ شائع کریں

جدید تر اس سے پرانی

ویب سائٹ کے بارے میں