ٹی 20 سیریز؛ دیپک چاہار نے ہیٹ ٹرک بناکر تاریخ رقم کردی

ناگپور: بنگال ٹائیگرز کی درگت نے ٹی 20 ریکارڈ بک کو الٹ پلٹ دیا، بھارتی بولر دیپک چاہار نے آخری میچ میں ہیٹ ٹرک سمیت تاریخ کی بہترین بولنگ کرڈالی۔

بھارت نے بنگلادیش کو تیسرے اور آخری ٹوئنٹی 20 میچ میں 30 رنز سے شکست دی، فاتح ساائیڈ نے 5 وکٹ پر 174 رنز بنائے، جس میں سریاش آئر کے 62 اور لوکیش راہول کے 52 رنز نمایاں تھے۔ جواب میں محمد نعیم کے برق رفتار 81 رنز کے باوجود بنگلادیشی ٹیم آخری اوور کی دوسری گیند پر 144 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔

دیپک چاہار نے 3.2 اوورزز میں صرف 7 رنز دے کر 6 وکٹیں لیں۔ یہ مختصر ترین فارمیٹ میں انٹرنیشنل لیول پر بہترین بولنگ ہے، اس سے قبل انٹرنیشنل ٹی 20 میں بہترین بولنگ کا ریکارڈ اجنتھا مینڈس کے پاس تھاجنھوں نے زمبابوے کے خلاف ستمبر 2012 میں 8 رنز کے عوض 6 وکٹیں لی تھیں۔ تیسری مرتبہ کسی نے مینز ٹی 20 انٹرنیشنل میں 6 وکٹیں لی ہیں، ان سے قبل اجنتھا مینڈس 2 بار یہ کارنامہ انجام دے چکے ہیں۔

اس دوران چاہار نے ہیٹ ٹرک کا کارنامہ بھی انجام دیا، مجموعی طور پر اس طرز میں یہ 12 ویں ہیٹ ٹرک ہے جس میں سے لسیتھ مالنگا اور راشد خان دودو مرتبہ یہ کارنامہ انجام دے چکے ہیں۔

چاہار سے قبل بھارت کی جانب سے صرف ایکتا بشٹ نے ویمنز ٹی 20 میں ہیٹ ٹرک کی تھی۔ پہلی بار کسی ٹی 20  میں بھارت کی جانب سے فاسٹ بولرز نے ایک میچ میں 9 وکٹیں لی ہیں۔ اسی مقابلے میں شیوام ڈوبے نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا۔

روہت شرما کا ٹی 20 انٹرنیشنل میں بطور کپتان فتح شکست کا تناسب 3.5 ہے جوکہ 15 یا اس سے زائد میچزمیں قیادت کا تیسرا بہترین تناسب ہے، صرف سرفراز احمد اور اصغر افغان کا ریکارڈ ان سے بہتر  ہے۔

 

The post ٹی 20 سیریز؛ دیپک چاہار نے ہیٹ ٹرک بناکر تاریخ رقم کردی appeared first on ایکسپریس اردو.



شکریہ ایکسپریس اردو » کھیل

ایک تبصرہ شائع کریں

جدید تر اس سے پرانی

ویب سائٹ کے بارے میں