پاکستان سیریز میں کلین سوئپ کیلیے پرعزم

لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم بنگلادیش کیخلاف ٹوئنٹی 20 میچزکی سیریز میں کلین سوئپ کرنے کا عزم لیکرپیر کوپھر میدان میں اترے گی۔

پاکستان اور بنگلادیش کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین ٹوئنٹی20 میچوں کی سیریزپرمشتمل آخری میچ قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا،یہ میچ بھی دوپہر 2 بجے رکھا گیا ہے، اب تک کھیلے جانے والے دونوں میچز پاکستانی ٹیم اپنے نام کرنے میں کامیاب رہی تھی۔

پہلے میچ میں گرین شرٹس نے مہمان سائیڈ کو 5 وکٹوں سے شکست دی تھی جبکہ دوسرا میچ 9 وکٹوں سے باآسانی اپنے نام کیا تھا، عالمی رینکنگ میں پہلی پوزیشن برقرار رکھنے کے لیے پاکستان کو تیسرا ٹوئنٹی20 جیتنا بھی ضروری ہے۔

ادھر پاکستان اور بنگلادیش کی دونوں ٹیموں نے اتوار کو پریکٹس کرنے کی بجائے آرام کرنے کو ترجیح دی، مہمان ٹیم نے اپنا زیادہ تر وقت فائیواسٹار ہوٹل میں گزارا۔ ادھرکسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بچنے کے لیے سخت ترین حفاظتی انتظامات کوحتمی شکل دے دی گئی ہے، ہوٹل سے اسٹیڈیم اور اسٹیڈیم سے ہوٹل تک کے راستوں کو فول پروف بنادیا گیا ہے۔

روٹ کی اونچی عمارتوں پر اسنائپرز کی خدمات بھی حاصل کی جائیں گی جبکہ ہیلی کاپٹر کے ذریعے نشتر اسپورٹس کمپلیکس کے علاقہ کی لمحہ بہ لمحہ مانیٹرنگ کا عمل بھی جاری رہے گا، وینیو کے اطراف میں ہر 50 قدم پر پولیس یا رینجرز کی گاڑی موجود ہوگی،ریسکیو، فائر بریگیڈ اور ایمبولنس سروس بھی ان ایکشن ہوں گی، تماشائیوں کی انٹری کیلیے ایک بار پھر لبرٹی چوک، فیروزپور روڈ پرفیفا ہاؤس اور ایف سی کالج کے مراکز بنائے گئے ہیں، چار مختلف مقامات پر واک تھرو گیٹ کے ذریعے چیکنگ کے بعد ان پوائنٹس سے کرکٹ کے دیوانوں کو فری شٹل کے ذریعے اسٹیڈیم تک لایا جائے گا۔

ادھر پاکستان اور بنگلادیش کی دونوں ٹیمیں تیسرا میچ جیتنے کے لیے پرعزم ہیں۔پاکستانی ٹیم کے کپتان بابر اعظم واضح کر چکے ہیں کہ ہماری کوشش ہوگی کہ تیسرا میچ بھی جیت کر عالمی رینکنگ میں اپنی پہلی پوزیشن برقرار رکھیں، ٹیم میں تبدیلی کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ وکٹ دیکھ کر کیا جائے گا،کوشش ہو گی کہ ایک بار پھر ایسا اسکواڈ تشکیل دیا جائے جو تیسرا میچ بھی جیت کر شائقین کے چہروں پر خوشیاں بکھیر سکیں۔

بنگلادیش کرکٹ ٹیم کے کوچ ڈومینگو کے مطابق آخری میچ جیت کر سیریز کا اختتام اچھے انداز میں کرنا چاہتے ہیں، اس مقصد کے لیے ہمارے کھلاڑیوں کو بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ تینوں شعبوں میں پرفارم کرنا ہوگا۔

 

The post پاکستان سیریز میں کلین سوئپ کیلیے پرعزم appeared first on ایکسپریس اردو.



شکریہ ایکسپریس اردو » کھیل

ایک تبصرہ شائع کریں

جدید تر اس سے پرانی

ویب سائٹ کے بارے میں