کورونا وائرس کی ویکسین ایک سال میں بازار میں دستیاب ہوگی، ماہرین

عالمی ادارہ صحت نے کہا ہے کہ کئی ممالک کورونا وائرس کو سنجیدگی سے نہیں لے رہے ہیں یہ کوئی فوجی مشق نہیں بلکہ ایک جنگ ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ڈبلیو ایچ او کے سربراہ ٹیڈروس ادھانوم نے خبردار کیا ہے کہ کئی ممالک کورونا وائرس کو اس کے تیزی سے پھیلاؤ اور ہلاکت خیزی کے باوجود سنجیدگی سے نہیں لے رہے ہیں۔ یہ ایک جنگ ہے جسے کئی ممالک محض ایک روایتی ’فوجی مشق‘ کے طور پر لے رہے ہیں۔

عالمی ادارہ صحت کے سربراہ کا مزید کہنا تھا کہ کورونا وائرس سے متعلق خدشات کوئی معمول کی بات نہیں بلکہ اس وبا کے اثرات سے ہر امیر اور غریب ملک کو خطرہ درپیش ہے۔ اس وائرس کیخلاف بڑے طاقت ور ممالک کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ تن تنہا اس وائرس سے نمٹنا ممکن نہیں۔

ایک سال میں کورونا وائرس کی ویکسین  مارکیٹ میں دستیاب ہوں گی، ماہرین  

اس موقع پر سربراہ ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے ہمراہ موجود ماہرین نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ مہلک وائرس کے تدارک کے لیے ویکسین پر تیزی سے کام ہو رہا ہے اور سائنس دانوں کو کامیابی بھی ملی ہے تاہم اس ویکسین کے بازار میں دستیاب ہونے میں ایک سال کا عرصہ لگ سکتا ہے۔

ووہان میں اس ماہ کے آخر تک وائرس کا خاتمہ ہوجائے گا، چین 

دوسری جانب چین نے گزشتہ روز 139 نئے مریضوں کے سامنے آنے کے باوجود دعویٰ کیا ہے کہ اس ماہ کے آخر تک ووہان میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والوں کی تعداد صفر ہوجائے گی اور اس وائرس پر مکمل طور پر قابو پالیا جائے گا۔

امریکا میں کورونا وائرس سے مقابلے کیلیے 8.3 ارب ڈالر مختص 

ادھر امریکا میں کورونا وائرس سے 12 افراد کی ہلاکتوں کے بعد پراسرار وائرس کا مقابلہ کرنے کے لیے فوری طور 8.3 بلین ڈالر کی رقم کی منظوری دیدی گئی ہے جو احتیاطی تدابیر اور علاج و معالجے کے علاوہ اس وائرس کیخلاف ریسرچ میں بھی استعمال ہوگی۔

ایران میں کورونا وائرس سے ساتویں حکومتی حکام کی ہلاکت 

دریں اثناء ایران میں وزیر خارجہ کے معاون خصوصی اور صف اول کے بیوروکریٹ حسین شیخ سلیمان کورونا وائرس کے باعث ہلاک ہوگئے ہیں۔ اس طرح ایران میں کورونا وائرس سے ہلاک ہونے والے 107 مریضوں میں سے سیاست دانوں یا حکومتی حکام کی تعداد 7 ہوگئی ہے۔

 

The post کورونا وائرس کی ویکسین ایک سال میں بازار میں دستیاب ہوگی، ماہرین appeared first on ایکسپریس اردو.



شکریہ ایکسپریس اردو » صحت

ایک تبصرہ شائع کریں

جدید تر اس سے پرانی

ویب سائٹ کے بارے میں