اسلام آباد: وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی نے انکشاف کیا ہے کہ اہم وفاقی وزارتوں کی ویب سائٹس غیر محفوظ ہیں، ان وزارتوں کی ویب سائٹس ہیکرز کا آسان ہدف ہیں۔
ایکسپریس نیوزکے مطابق سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی کا اجلاس کمیٹی کی چیئرپرسن سینیٹر روبینہ خالد کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوا، جس میں وزارت کے بجٹ کی موجودہ صورتحال اور اب تک کے اخراجات کے متعلق بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کے حکام نے بتایا کہ اہم وفاقی وزارتوں کی ویب سائٹس غیر محفوظ ہیں، ان وزارتوں کی ویب سائٹس ہیکرز کا آسان ہدف ہیں۔
سینیٹر رحمان ملک نے ایف آئی اے کے استعداد کار کو بڑھانے کیلئے خصوصی فنڈ فراہم کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سائبر کرائمز ایک خصوصی نوعیت کا حامل ہے اور اس کے لئے ضروری ہے کہ ایف آئی اے کو جدید آلات اور آئی ٹی کے شعبے میں درکار مہارت سے لیس کیا جائے، ایف آئی اے وزارت آئی ٹی کے ساتھ مل کر کام کرتا ہے لہذاصرف قانون بنا دینا کافی نہیں ہوتاہے۔
کمیٹی کی چیئرپرسن سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ آئی ٹی کے منصوبے انتہائی اہم ہیں اور تمام اخراجات کو مناسب منصوبہ بندی کے ساتھ آگے بڑھایا جائے۔
The post اہم وفاقی وزارتوں کی ویب سائٹس ہیکرز کا آسان ہدف ہیں، وزارت سائنس کا انکشاف appeared first on ایکسپریس اردو.