دورہ پاکستان، ہر انگلش کرکٹر خود فیصلہ کرے گا

 لندن:  پاکستان جانا ہے یا نہیں، ہر انگلش کرکٹر خود فیصلہ کرے گا.

پاکستان کرکٹ بورڈ نے انگلینڈ کو جنوری میں 3 ٹوئنٹی 20 میچز کی سیریز کیلیے مختصر دورے کی دعوت دی ہے،اگر ای سی بی ٹور کا فیصلہ کرلے تب بھی اپنے کھلاڑیوں کو یہ اختیار دے گا کہ سیکیورٹی خدشات پر وہ دستبردار بھی ہوسکتے ہیں۔

سیکیورٹی ماہرین کی جانب سے گرین سگنل دیے جانے پر بھی پلیئرزکے پاس انفرادی طور پر فیصلے کا اختیار ہوگا، ورلڈ کپ فاتح کپتان ایون مورگن نے 2016 میں بنگلادیش کا دورہ کرنے سے بھی انکار کردیا تھا۔

ای سی بی کے ترجمان نے ایک برطانوی اخبار سے گفتگو میں تصدیق کی کہ اس بار بھی یہی پروٹوکول اختیار کیا جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ پی سی بی کی جانب سے انگلش ٹیم بھیجنے کی دعوت پر بات چیت ابھی بالکل ابتدائی مرحلے میں ہے، بورڈ کو اس حوالے سے بہت سی چیزوں کا جائزہ لینا ہے۔ کورونا وائرس سے متعلق پروٹوکول، بائیوببلز اور سیکیورٹی کے ساتھ مصروف ترین انٹرنیشنل شیڈول کو بھی مدنظر رکھا جائے گا۔

یاد رہے کہ انگلش ٹیم نے آخری بار پاکستان کا دورہ 2005 میں کیا تھا، رواں برس انگلینڈ کے معین علی، جیسن روئے، کرس جورڈن اور ڈیوڈ مالان سمیت ایک درجن انٹرنیشنل کرکٹرز نے پاکستان میں پی ایس ایل کھیلی تھی۔

The post دورہ پاکستان، ہر انگلش کرکٹر خود فیصلہ کرے گا appeared first on ایکسپریس اردو.



شکریہ ایکسپریس اردو » کھیل

ایک تبصرہ شائع کریں

جدید تر اس سے پرانی

ویب سائٹ کے بارے میں