ٹوکیو: کچھ وہم زدہ لوگوں کے نزدیک کالی بلی راستہ کاٹ جائے تو اسے برا شگون سمجھا جاتا ہے لیکن جاپان میں ایک صاحب کو کالی بلیاں اتنی پسند ہیں کہ انہوں نے صرف شیر کی سیاہ خالاؤں کے لیے ایک کیفے کھولا ہے جسے ’’نیکوبیاکا‘‘ کا نام دیا گیا ہے۔
جاپان میں اس وقت بلیوں کے سیکڑوں کیفے ہیں جبکہ نیکوبیاکا صرف سیاہ رنگت والی بلیوں کے لیے مخصوص ہے۔ اس کا افتتاح 2013ء میں کیا گیا تھا۔ اس کے بعد ہر روز سیاحوں کی بڑی تعداد اس کیفے کو دیکھنے آتی ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ دنیا کے دیگر ممالک کی طرح جاپان میں بھی سیاہ بلیوں کے مقابلے میں دیگر رنگوں کی بلیوں کو دیکھا اور رکھا جاتا ہے۔ اسی بنا پر کیفے کے مالک یاگی کو سیاہ بلیوں کا ہوٹل بنانے کا خیال آیا جو اب دنیا بھر میں مقبول ہوچکا ہے۔
نیکوبیاکا میں بلیاں اپنی ہم رنگ سیاہ بلیوں کے ساتھ کھیلتی، کھاتی اورآرام کرتی ہیں۔ یہی وجہ ہے جاپان میں کالی بلیوں سے وابستہ توہمات کو ختم کرنے میں بھی اس کیفے نے اہم کردار ادا کیا ہے۔ جاپانی قدیم داستانوں میں بلیوں کو پراسرار بھی سمجھا جاتا ہے۔
اپریل 2020ء میں نیکوبیاکا سے ’گریجویٹ‘ ہونے والی بلیوں کی تعداد 321 سے زائد ہوچکی تھی۔ جیسے ہی کوئی بلی یہاں سے باہر جاتی ہے کیفے کے مالک ایک اور بلی لے آتے ہیں اور اس طرح ایک وقت میں 10 بلیاں موجود رہتی ہیں۔ یہ بلیاں یہاں پر کئی کرتب بھی سیکھتی ہیں اور ہر بلی کے گلے میں ایک خاص رنگ کی رِبن ڈالی جاتی ہے۔ سیاہ بلیوں کے لیے لذیذ کھانوں کا ایک مکمل مینو بھی موجود ہے۔
کیفے میں داخل ہونے کی فیس 10 ڈالر ہے جس کے تحت لوگ صرف ایک گھنٹہ گزار سکتے ہیں۔ یہاں انسانوں کے لیے بھی کھانے رکھے ہیں اور بلیوں کے متعلق لٹریچر اور جرائد بھی موجود ہیں تاہم کورونا وائرس کی وبا کے دوران اس کیفے کو شدید مالی نقصان ہوا۔
نقصان کے بعد یاگی نے لوگوں سے آن لائن مدد کی درخواست کی جس کے بعد چند دنوں میں 11 ہزار ڈالر کی رقم جمع ہوگئی اور یوں کیفے کا نظام چل پڑا بلکہ لوگ اب بھی عطیہ دے رہے ہیں۔
The post نیکوبیاکا: صرف کالی بلیوں کے لیے مخصوص کیفے appeared first on ایکسپریس اردو.
شکریہ ایکسپریس اردو » دلچسپ و عجیب