زمبابوین ٹیم پاکستان کا ڈٹ کرمقابلہ کرنے کیلیے تیار ہے جب کہ آل راؤنڈر سکندر رضا کا کہنا ہے کہ ہم اپنی پلاننگ کرکے آئے ہیں۔
پاکستان کرکٹ کی سب سے بڑی ویب سائٹ https://ift.tt/2QIuKoB کے پروگرام ’’کرکٹ کارنر ود سلیم خالق‘‘ میں گفتگوکرتے ہوئے زمبابوین آل راؤنڈر سکندر رضا نے کہا کہ عین وقت پر ہیڈ کوچ لال چند راجپوت کی عدم دستیابی سے ٹیم کی کارکردگی پر کوئی فرق نہیں پڑے گا، پاکستان میں جس طرز کی کرکٹ کھیلنا ہے ہم اس کی پلاننگ کرکے آئے ہیں،اگر کسی اہم کرکٹر کی خدمات سے محروم ہوتے تو شاید مسئلہ ہوتا۔
انھوں نے کہا کہ روانگی سے قبل زمبابوے میں اچھی تیاری کا موقع ملا ہے،کورونا کے باوجود جتنا بہتر کرسکتے تھے کیا ہے۔ کنڈیشنز سے ہم آہنگی کیلیے یہاں بھی 10روز کا وقت میسر ہے، ہم میزبان ٹیم کی قوت اور کمزوریوں کو سامنے رکھتے ہوئے ٹریننگ کریں گے، امید ہے کہ اچھی سیریز دیکھنے کو ملے گی۔
انھوں نے کہا کہ پاکستان کی ٹیم مضبوط، دوسری جانب ہمارا سکواڈ بھی اچھا ہے،یوں تو تمام زمبابوین کھلاڑی باصلاحیت مگر کریگ ایرون سے زیادہ امیدیں وابستہ ہیں، تنازعات اور شکستوں کے بعد زمبابوین کرکٹ کس سمت میں گامزن ہے اس سوال پر سکندر رضا نے کہا کہ اس کا جواب آپ کو سیریز کے بعد تب ملے گا جب ہم دوبارہ بات کریں گے۔
ذاتی کارکردگی کے سوال پر انھوں نے کہا کہ کسی بھی فارمیٹ کا میچ ہو میری کوشش ہوتی ہے کہ اپنی مہارت کو بہتر بناتے ہوئے اچھی کارکردگی دکھاؤں، کنڈیشنز یا پچ مشکل ہونے کے باوجود یہی چیز آپ کو کامیابی دلاتی ہے۔ امید ہے کہ اگلے چند روز میں اپنی اسکلز نکھارتے ہوئے عمدہ پرفارم کرنے میں کامیاب ہوجاؤں گا۔
پی ایس ایل 5کے باقی میچز میں شرکت کے حوالے سے سکندر رضا نے کہا کہ فرنچائز ٹورنامنٹس کیلیے ایجنٹس وغیرہ بات کرتے ہیں، ابھی تو میری پوری توجہ پاکستان کیخلاف حالیہ سیریز پر مرکوز ہے، اگلے معاملات بعد میں دیکھوں گا، پی ایس ایل، کوئی اورلیگ یا کسی بھی سطح کا ایونٹ ہو میری کوشش ہوتی ہے کہ کرکٹ کھیلتا رہوں، جسم ساتھ نہیں دیتااس کے باوجود ٹیسٹ کرکٹ سے بھی لطف اندوز ہوتا ہوں۔
شعیب ملک سے دوستی ہے
سکندر رضا نے کہا کہ میری شعیب ملک سے دوستی ہے، میرے پاکستان کے بیشتر قومی کرکٹرز سے اچھے مراسم ہیں لیکن زیادہ دوستی شعیب کے ساتھ ہے، کون سا شعیب کا سوال کیے جانے پر انھوں نے کہا کہ شعیب اختر تو لیجنڈ ہیں، ان سے ملاقات کا ایک بار موقع ملا جس کو اپنے لیے بڑا اعزاز سمجھتا ہوں۔
خوراک میں بدپرہیزی نہیں کرتا
سکندر رضا نے کہا ہے کہ میں خوراک میں بدپرہیزی کا عادی نہیں،پاکستان میں بریانی کھانے کے سوال پر انھوں نے کہا کہ جس طرح بعض لوگ ٹریننگ کے عادی ہوجاتے ہیں اسی طرح میں اپنی فٹنس کیلیے خوراک کا خیال رکھنے کا عادی ہوں،جہاں بھی ہوں میری خوراک ایک ہی رہتی ہے،اس معاملے میں کوئی بدپرہیزی نہیں کرتا۔
نظر کی کمزوری کے باعث فائٹر پائلٹ نہ بن پانے پر مایوس نہیں،سکندر
سکندر رضا کا کہنا ہے کہ نظر کی کمزوری کے باعث فائٹر پائلٹ نہ بن پانے پر مایوس نہیں مگر اکیڈمی میں پیدا ہونے والا جذبہ زندگی بھر برقرار رہے گا،انھوں نے کہا کہ میں نے ساڑھے 3سال ٹریننگ اسکول میں گزارے، اس دوران جو اسپرٹ پیدا ہوئی وہ آج بھی میری شخصیت کا حصہ ہے، میں مایوس نہیں، وہاں جو سیکھااس کی بہت خوشی ہے، اب بھی ٹریننگ اسکول کے ساتھیوں سے بات کرتا ہوں، بطور پائلٹ ان کے تجربات پر مشتمل کہانیاں سنتا ہوں تو خوشی ہوتی ہے۔
دنیا میں کہیں بھی چلا جاؤں ’’سیالکوٹی منڈا‘‘ ہی رہوں گا
سکندر رضا کا کہنا ہے کہ دنیا میں کہیں بھی چلا جاؤں میں ’’سیالکوٹی منڈا‘‘ ہی رہوں گا، پاکستان کی مٹی کیساتھ میرا خصوصی تعلق ہے،دوست اور رشتہ دار یہاں رہتے ہیں،میرا بچپن یہیں گزرا، یہاں آنا اور اس مٹی سے رشتہ اچھا لگتا ہے،جہاں بھی ہوں ’’سیالکوٹی منڈا‘‘ کیوں سامنے نہیں آئے گا۔
سکندر رضا بھی بابر اعظم کی دلکش بیٹنگ کے گرویدہ
سکندر رضا بھی بابر اعظم کی دلکش بیٹنگ کے گرویدہ ہیں،زمبابوین آل راؤنڈر نے کہاکہ برسوں پہلے اکیڈمی میں ملاقات ہوئی تو15سالہ بابر اعظم جونیئر ورلڈکپ میں شرکت کی تیاری کررہے تھے،اس وقت سے اب تک انھوں نے مسلسل عروج کی جانب سفر کیا ہے،وہ تینوں فارمیٹ میں پاکستان کیلیے پرفارم کررہے اور دنیا کے بہترین بیٹسمینوں میں سے ایک ہیں، میں ان کی دلکش بیٹنگ دیکھ کر لطف اندوز ہوتا ہوں۔
The post زمبابوے پاکستان کا ڈٹ کرمقابلہ کرنے کیلیے تیار appeared first on ایکسپریس اردو.
شکریہ ایکسپریس اردو » کھیل