کراچی: چائے کے ہوٹل پر کام کرنے والے قومی کک باکسنگ چیمپئن نثار احمد خان کی قسمت جاگ اٹھی، پاکستانی نژاد برطانوی انٹرنیشنل پروفیشنل باکسر عامر خان نے نثار احمد خان سے رابطہ کرکے لاہور میں ہونے والے باکسنگ مقابلے میں شرکت کی دعوت دے دی۔
بلوچستان کے شہر کوئٹہ سے تعلق رکھنے والے نثار احمد خان کراچی میں چائے کے ہوٹل پر کام کرتے ہیں، وہ کک باکسنگ اور باکسنگ میں کئی میڈلز اپنے نام کر چکے ہیں، نثاراحمد 52 کلو ویلٹر ویٹ کیٹیگری میں قومی سطح پر کک باکسنگ چیمپئن ہیں جبکہ وہ اسی درجے میں سندھ کے باکسنگ چیمپئن اعزاز بھی اپنے نام کرچکے ہیں تاہم وہ مالی وسائل نہ ہونے کی وجہ سے چائے کے ہوٹل پرکام کرنے پر مجبور تھے۔
نثاراحمد خان دن بھر کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن کے علاقے میں چائے کے ہوٹل پر کام کرنے کے بعد شام میں باکسنگ اور کک باکسنگ کی ٹریننگ کرتے ہیں۔
نثار احمد خان کا کہنا ہے کہ میری محنت رنگ لے آئی، سابق عالمی باکسنگ چیمپئن عامرخان نے مجھ سے رابطہ کر کے لاہور میں ہونے والے باکسنگ مقابلوں میں شرکت کی دعوت دی ہے، یہ میرے لیے بہت بڑا اعزاز ہے اور اس پر میں بہت مسرور ہوں، میں لاہور میں ہونے والے مقابلوں میں بہترین کارکردگی پیش کرکے عامر خان کو متاثر کرنا چاہتا ہوں۔
The post چائے کے ہوٹل پر کام کرنے والے قومی کک باکسنگ چیمپئن نثار احمد خان کی قسمت جاگ گئی appeared first on ایکسپریس اردو.
شکریہ ایکسپریس اردو » کھیل