ملکی میدان پھر آباد، زمبابوین اسکواڈ کی آج آمد

 لاہور:  پاکستانی میدان آباد کرنے کیلیے زمبابوین اسکواڈ آج اسلام آباد پہنچے گا جب کہ ہوٹل آتے ہی مہمان کرکٹرز اور معاون اسٹاف کے کورونا ٹیسٹ ہوں گے۔

ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز میں شرکت کیلیے زمبابوین اسکواڈ پیر کو پاکستان کے لیے عازمِ سفر ہوا، کرکٹرز اور معاون اسٹاف کے ارکان نے کورونا سے بچاؤکیلیے تمام تر احتیاطی تدابیر اختیار کیں،وہ بس میں سوار ہو کر ہرارے کے رابرٹ موگابے ایئرپورٹ پہنچے،مہمان ٹیم طویل مسافت کے بعد آج پاکستان پہنچ کر اسلام آباد میں قرنطینہ کی مدت مکمل کرے گی۔

ہوٹل پہنچتے ہی کھلاڑیوں اور معاون اسٹاف ارکان کے کورونا ٹیسٹ ہوں گے،رپورٹ منفی آنے کی صورت میں مہمان 7 روز آئسولیشن میں گزاریں گے، اس دوران انھیں آرمی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی کے بند دروازوں میں ٹریننگ کی اجازت ہوگی، پہلا سیشن بدھ کو ساڑھے 10سے ڈیڑھ بجے تک شیڈول کیا گیا ہے،مہمان ٹیم کے کسی ایک کھلاڑی کی ویڈیو کانفرنس بھی ہوگی۔

دریں اثناء زمبابوے کرکٹ بورڈ کے چیئرمین تیوانگا موکلانی اور قائم مقام ایم ڈی گیومور ماکونی پیر کو پاکستان پہنچ گئے، اسلام آباد ایئرپورٹ پر دونوں کا استقبال ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ پی سی بی ذاکر خان نے کیا۔

یاد رہے کہ آئی سی سی سپر لیگ میں شامل ون ڈے سیریز کا پہلا میچ 30اکتوبر کو کھیلا جائے گا، دوسرا مقابلہ یکم جبکہ تیسرا اور آخری 3نومبر کو شیڈول ہے، تینوں میچز دوپہر 12بجے شروع ہوں گے، بعد ازاں ٹی ٹوئنٹی سیریز کا میزبان لاہور ہوگا۔

The post ملکی میدان پھر آباد، زمبابوین اسکواڈ کی آج آمد appeared first on ایکسپریس اردو.



شکریہ ایکسپریس اردو » کھیل

ایک تبصرہ شائع کریں

جدید تر اس سے پرانی

ویب سائٹ کے بارے میں