لاہور: سپر اسپورٹس نے 2023 تک پاکستان کے ہوم میچز اور ایچ بی ایل پی ایس ایل کےنشریاتی حقوق حاصل کرلیے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے جنوبی افریقا کے معروف اسپورٹس نیٹ ورک سپر اسپورٹس کے ساتھ 3 سال کا معاہدہ کرلیا ہے جس کے مطابق سپر اسپورٹس دسمبر 2023 تک پاکستان میں کھیلی جانے والی تمام ہوم انٹرنیشنل سیریز اور سال 2021 سے 2023 تک کے ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کا براڈکاسٹ لائسنس پارٹنر بن گیا ہے۔
اس معاہدے کے تحت 30 اکتوبر سے راولپنڈی میں شروع ہونے والی پاکستان اور زمبابوے کے خلاف محدود فارمیٹ کی سیریز کےافریقی ریجن میں نشریات کے حقوق صرف سپر اسپورٹس کے پاس ہوں گے۔ ان 3 سالوں میں پاکستان کو 9 ٹیسٹ، 20 ایک روزہ اور 18 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں پر مشتمل 83 روزہ ہوم انٹرنیشنل کرکٹ کھیلنی ہے۔
اس سے قبل پی سی بی ڈومیسٹک میچز کی 3 سال تک پاکستان میں نشریات کے حقوق کا معاہدہ پاکستان ٹیلی ویژن کے ساتھ کرچکا ہے۔ 25 سال قبل اپنی نشریات کا آغاز کرنے والے سپراسپورٹس نیٹ ورک میں آج 19 ایچ ڈی چینلز شامل ہیں جن میں ایک بالخصوص کرکٹ کی کوریج کرتا ہے باقی 18 چینلز ٹینس، گولف، فٹبال سمیت دیگر کھیلوں کی کوریج کرتے ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان کا کہنا ہے کہ ہمیں دنیا کے معروف اسپورٹس نیٹ ورک سپر اسپورٹس کے ساتھ شراکت داری پر خوشی ہے، سپر اسپورٹس کے ساتھ تین سالہ نشریاتی حقوق کے معاہدے سے اب افریقی ریجن میں بسنے والے کرکٹ مداحوں کو پاکستان کی ہوم انٹرنیشنل کرکٹ اور ایچ بی ایل پی ایس ایل کی براراست نشریات میسر ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ اس شراکت داری سے پاکستان کو اپنے باصلاحیت کھلاڑیوں، انٹرنیشنل میچز اور ایچ بی ایل پی ایس ایل کو دنیا تک پہنچانے میں معاونت ملے گی۔
ہیڈ آف ایکوزیشن سپر اسپورٹس مارک جوری نے کہا کہ ہم پاکستان کے انٹرنیشنل ہوم میچز اور ایچ بی ایل پی ایس ایل کے براہ راست ایکشن کے لیے پی سی بی کے ساتھ اپنی شراکت داری پر بہت خوش ہیں۔
The post پی سی بی کا جنوبی افریقا کے معروف اسپورٹس نیٹ ورک سپر اسپورٹس کے ساتھ معاہدہ appeared first on ایکسپریس اردو.
شکریہ ایکسپریس اردو » کھیل