کراچی: اپنے مستقبل کی جنگ لڑنے والے سابق ٹیسٹ کپتان سرفراز احمد ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے پر جرمانہ کی زد میں آگئے ہیں۔
کراچی میں جاری قائداعظم ٹرافی فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ کے تیسرے راؤنڈ کے میچ میں کھلاڑی اور اسپورٹ اسٹاف کے لیے مقررہ ضابطہ اخلاق کے لیول 1 کی خلاف ورزی کرنے پر سندھ کے کپتان سرفراز احمد پر میچ فیس کا35 فیصد جرمانہ عائد کردیا گیا۔
یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس کراچی میں ناردرن کے خلاف میچ کے دوسرے روز سرفراز احمد کو امپائر کے ایک فیصلے کے خلاف متعدد مرتبہ نامناسب تبصرہ کرنے پر جرمانہ عائد کیا گیا، آن فیلڈ امپائرز فیصل آفریدی اور ثاقب خان نے سرفراز احمد کو پی سی بی کوڈ آف کنڈکٹ کی شق 2.21 کی خلاف ورزی کرنے پر رپورٹ کیا، سرفراز احمد کی جانب سے اعتراف جرم کرنے پر میچ ریفری محمد انیس نے سندھ کے کپتان پر جرمانہ عائد کردیا۔
دوسری جانب ضابطہ اخلاق کے لیول 1 کی خلاف ورزی کرنے پر سینٹرل پنجاب کے بیٹسمین عثمان صلاح الدین پر میچ فیس کا20 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا،عثمان صلاح الدین پر نیشنل اسٹیڈیم میں جاری بلوچستان کے خلاف فرسٹ کلاس میچ میں کھیل کی ساکھ کو نقصان پہنچانے پر جرمانہ عائد کیا گیا، سینٹرل پنجاب کی پہلی اننگز کے 26ویں اوور میں عثمان صلاح الدین ایل بی ڈبلیو آؤٹ دیے جانے پر امپائر کو گمراہ کرنے کی غرض سے مسلسل بلا دکھاتے رہے، آن فیلڈ امپائرز غفار کاظمی اور ناصر حسین سینئر نے عثمان صلاح الدین کو پی سی بی کوڈ آف کنڈکٹ کی شق 2.20 کی خلاف ورزی کرنے پر رپورٹ کیا،عثمان صلاح الدین کی جانب سے اعتراف جرم کرنے پر میچ ریفری افتخار احمد نے بیٹسمین پر جرمانہ عائد کردیا۔
The post سرفراز احمد پر نازیبا الفاظ استعمال کرنے پر جرمانہ appeared first on ایکسپریس اردو.
شکریہ ایکسپریس اردو » کھیل