’’یونیورس باس‘‘ کرس گیل پی ایس ایل 6 میں کچھ خاص کردکھانے کیلیے بے تاب ہیں جارح مزاج بیٹسمین نے ایونٹ کے آغاز میں ہی چھکے چھڑانے کا عزم ظاہر کر دیا۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی امیدوں کے محور گیل کا کہنا ہے کہ دھواں دھار اننگز سے پرستاروں کے چہروں پر خوشیاں بکھیرنا چاہتا ہوں،میدان میں 20فیصد تماشائیوں کی آمد سے بھی حوصلہ افزائی ہونے کے ساتھ شاندار کارکردگی دکھانے کی تحریک ملے گی،اپنی مہارت اور صلاحیت ثابت کرنے کے موقع کا بھرپور فائدہ اٹھانے کی کوشش کروں گا۔
2 میچز کے بعد سری لنکا کیخلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں ویسٹ انڈیز کی نمائندگی کیلیے جاؤں گا، واپسی کا پلان صورتحال دیکھ کر بنایا جائے گا، پاور ہٹنگ کے خواہشمند نوجوان بیٹسمین اپنی صلاحیت پر یقین رکھتے ہوئے اسٹروکس کھیلیں، ہر گیند پر چھکا نہیں لگایا جا سکتا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ کی سب سے بڑی ویب سائٹ https://ift.tt/2QIuKoB کے پروگرام ’’کرکٹ کارنر ود سلیم خالق‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کرس گیل نے کہا کہ میں 15سال بعد پاکستان واپسی پر بہت خوش ہوں،ان دنوں قرنطینہ جاری مگر میں جسمانی اور اس سے بھی زیادہ ذہنی طور پر خود کوکافی بہتر محسوس کررہا ہوں، آخری دورئہ پاکستان میں اپنا آخری ٹیسٹ اور ون ڈے کراچی میں ہی کھیلنے والے اوپنر نے کہا کہ یقینی طور پر یہاں میرے پرستار موجود ہیں، میں پی ایس ایل 6 کا شاندار آغاز کرتے ہوئے دھواں دھار اننگز سے ان کو بہترین تفریح فراہم کرتے ہوئے چہروں پر خوشیاں بکھیرنا چاہتا ہوں، میدان میں 20فیصد تماشائیوں کی آمد سے بھی حوصلہ افزائی ہونے کے ساتھ شاندار کارکردگی دکھانے کی تحریک ملے گی۔
ماضی میں پی ایس ایل میں بہتر کارکردگی نہ دکھا پانے اور چھٹے ایڈیشن کیلیے عزائم کے سوال پر جارح مزاج بیٹسمین نے کہا کہ اس بار پاکستانی پرستاروں کیلیے بہترین پرفارم کرنے کیلیے بے تاب ہوں تاکہ وہ بھی جان سکیں کہ ’’یونیورس باس‘‘ ابھی کرکٹ کی دنیا میں موجود ہے، میرے پاس اپنی مہارت اور صلاحیت ثابت کرنے کا بڑا موقع ہے جس سے بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے پرستاروں اور فرنچائز کیلیے شاندار کارکردگی دکھانے کی کوشش کروں گا۔کرس گیل نے کہا کہ اپنی مصروفیات اور وقت کا فرق ہونے کی وجہ سے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سمیت پی ایس ایل کے زیادہ میچز نہیں دیکھ سکا،قرنطینہ میں کوچز سے بات ہوئی ہے۔
کھلاڑیوں سے ملاقات کے بعد گذشتہ ایونٹ کی پرفارمنس اور آئندہ کے ٹیم پلان پر تبادلہ خیال ہوگا، میری کوشش ہوگی کہ اپنا کردار بخوبی ادا کرتے ہوئے ٹیم کی فتوحات میں اہم کردار ادا کروں۔ انھوں نے واضح کیا کہ پی ایس ایل کے 2میچزکے بعد ویسٹ انڈیز کی جانب سے سری لنکا کیخلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں شرکت کیلیے جانا پڑیگا،بعد میں صورتحال کو دیکھتے ہوئے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی دوبارہ نمائندگی کیلیے پاکستان آنے کا پلان بنایا جائے گا۔
پاور ہٹنگ کے خواہشمند نوجوان بیٹسمینوں کو مشورہ دیتے ہوئے کرس گیل نے کہا کہ اگر کسی میں چھکے لگانے کی مہارت اور صلاحیت ہے تو اس پر یقین رکھتے ہوئے اسٹروکس کھیلے،ہر گیند پر چھکا نہیں لگایا جا سکتا،صورتحال کو دیکھ کر پلان بنائیں،جس گیند کو پورے اعتماد سے باہر پھینک سکتے ہیں اس پر اسٹروک ضرور کھیلیں،شاٹ کھیلتے ہوئے پوری توجہ گیند پر مرکوز اور توازن برقرار رکھنا ضروری ہے۔
احمد شہزادپسندیدہ کرکٹرہیں،سرفرازکی زیرقیادت کھیلنے کا کبھی نہ سوچا تھا
کرس گیل نے احمد شہزاد کو اپنا فیورٹ پاکستانی کرکٹر قرار دے دیا، ویسٹ انڈین کرکٹر نے کہا کہ میں اوپنر کے ساتھ کیریبیئن پریمیئر لیگ میں کھیل چکا ہوں، وہ ہمیشہ میرے پسندیدہ کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں،انھوں نے کہا کہ میں نے کبھی سوچا نہیں تھا کہ گذشتہ کچھ عرصہ میں پاکستان کے کامیاب کپتان سرفراز احمد کی قیادت میں کھیلنے کا موقع ملے گا، ماضی میں معین خان کیخلاف کھیل چکا،اب وہ کوچ ہیں،انھوں نے کہا کہ بیٹسمین ہوں یا بولرز پاکستان میں باصلاحیت کرکٹرز کی کبھی کمی نہیں رہی،خاص طور پر کسی بھی طرح کی کنڈیشنز میں پاکستانی بولرز کا سامنا بیٹسمینوں کیلیے آسان نہیں ہوتا۔
اپنے گانوں سے دنیا کو مثبت سوچ کا پیغام دینا چاہتا ہوں
کرس گیل موسیقی میں بھی اپنا شوق آگے بڑھانے کے خواہاں ہیں،کیریبیئن اسٹار نے کہا کہ میں اپنے گانوں سے دنیا کو مثبت سوچ کا پیغام دینا چاہتا ہوں،‘‘بلیسنگز‘‘ اور ’’لوینگ دی لائف‘‘ میں یہی بات کہنے کی کوشش کی کہ مشکل حالات میں بھی حوصلے کے ساتھ زندگی گزاریں، پاکستانی پرستاروں کو بھی میرا پیغام ہے کہ مثبت سوچ کے ساتھ زندگی میں آگے بڑھیں،خوشگوار زندگی پر سب کا حق ہے،اچھے خواب دیکھیں اور ان کو پورا کرنے کیلیے مضبوط ارادوں کے ساتھ آگے بڑھیں کامیابی حاصل ہوگی۔
موقع ملنے پر پاکستانی بریانی کا ذائقہ ضرور چکھوں گا
کرس گیل بھی بریانی پر ہاتھ صاف کرنے کیلیے تیار ہیں،جارح مزاج اوپنر نے کہا کہ میچز کے دوران کم کھاتا ہوں، ابھی قرنطینہ میں مچھلی اور آلوکی ڈشز پر گزارا کیا ہے،پاکستانی کھانوں کا تاحال تجربہ نہیں ہوا، ساتھی کرکٹرز سے بریانی کے بارے میں سنا ہے،موقع ملنے پر اس کا ذائقہ ضرور چکھوں گا اور کیسا لگا یہ بھی بتاؤں گا۔
بابراعظم تینوں فارمیٹ کے ٹاپ بیٹسمینوں میں شمار ہوتے ہیں
کرس گیل بھی بابر اعظم کی صلاحیتوں کے گرویدہ ہیں، کیریبیئن اوپنر نے کہا کہ وہ پاکستان کے بہترین کرکٹر اور تینوں فارمیٹ کے ٹاپ بیٹسمینوں میں شمار ہوتے ہیں،کراچی کنگز میں ان کے ساتھ کھیل چکا ہوں،بابر کو ہمیشہ رنز کیلیے بھوکا دیکھا،وہ ہمہ وقت بیٹنگ کیلیے تیار رہتے ہیں،نیٹ سیشن ختم ہونے کے بعد جب دیگر باہر چلے جاتے تو ان کو ایک طرف الگ ہی بیٹنگ پریکٹس کرتے دیکھا جا سکتا تھا،محنت اور انہماک کی وجہ سے ان کا ٹمپرامنٹ اور کارکردگی میں تسلسل برقرار ہے،وہ انٹرنیشنل اور فرنچائز کرکٹ میں بولرز پر حاوی رہنے والے کرکٹرز میں سے ایک ہیں،امید ہے کہ بابر اپنے اور قوم کیلیے قابل فخر پرفارمنس کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔
The post گیل نے پرستاروں کے چہروں پر خوشیاں بکھیرنے کی ٹھان لی appeared first on ایکسپریس اردو.
شکریہ ایکسپریس اردو » کھیل