آخری لمحات میں کینگروز کا دھوکا، پروٹیز چراغ پا

جوہانسبرگ: آخری لمحات میں کینگروزکے دھوکے پر پروٹیزچراغ پا ہو گئے جب کہ دورہ نہ کرنے کا فیصلہ ’غریب‘ کرکٹ ممالک کے لیے تباہ کن قرار دیا جانے لگا۔

کرکٹ جنوبی افریقہ آسٹریلیا کی جانب سے کورونا وائرس کو جواز بنا کر آخری لمحات میں ٹیسٹ ٹور ملتوی کرنے کے فیصلے پر چراغ پا ہے،اعلامیہ میں کہا گیا کہ اس ٹور کو محفوظ بنانے کے لیے تمام تر ضروری اقدامات اٹھائے گئے، آسٹریلوی بورڈ کے تمام مطالبات تسلیم کیے۔

بورڈ کو اس لیے بھی زیادہ مایوسی ہوئی کیونکہ حال ہی میں جنوبی افریقہ نے سری لنکا کی بائیوسیکیور ماحول میں میزبانی کی، پاکستانی ویمنز ٹیم ڈربن میں بائیوسیکیور ببل میں موجود ہے، ڈومیسٹک ون ڈے کپ بھی جاری رہا، اس دوران کوئی مثبت کیس سامنے نہیں آیا، یہ بات بھی یاد رکھنے کی ہے کہ ایک روز قبل ہی حکومت نے کورونا وائرس کیسز میں 75 فیصد تک کمی آنے کی وجہ سے پابندیوں میں نرمی کردی۔

ڈائریکٹر آف کرکٹ گریم اسمتھ نے کہاکہ ہم سی اے کے فیصلے پر بہت مایوس ہیں، بورڈ کے چیف میڈیکل آفیسر ڈاکٹر شعیب منجرا کا کہنا تھا کہ ہم نے کرکٹ آسٹریلیا کو یقین دہانی کرا دی کہ ان کی ٹیم آنے سے قبل ہی ہمارے کھلاڑی 14 روز کا قرنطینہ کرچکے ہوں گے، اس مقصد کے لیے پاکستان میں موجود اسکواڈکے حوالے سے پلاننگ بھی تبدیل کی گئی، پریٹوریا میں فائیو اسٹار ہوٹل صرف مہمان سائیڈ کے لیے مختص کرنے کا فیصلہ کیا جبکہ سری لنکا کے ساتھ ہم نے یہ ہوٹل شیئر کیا تھا، حکومت سے ایئرپورٹ پر وی آئی پی رسائی کی اجازت لی گئی، صرف یہی نہیں بلکہ سی اے کی فرمائش پر آسٹریلیا سے مہنگا ترین ٹریکنگ سسٹم تک خریدنے کو تیار ہوگئے۔

بورڈ کے قائم مقام چیف ایگزیکٹیو فولیٹسی موسیکی نے کہاکہ کرکٹ آسٹریلیا کا اقدام شرمناک اور اس کے خاص طور پر مالی طور پر کمزور کرکٹ بورڈز پر مضر اثرات مرتب ہوں گے۔

The post آخری لمحات میں کینگروز کا دھوکا، پروٹیز چراغ پا appeared first on ایکسپریس اردو.



شکریہ ایکسپریس اردو » کھیل

ایک تبصرہ شائع کریں

جدید تر اس سے پرانی

ویب سائٹ کے بارے میں