کورونا وائرس نے فواد احمد کا وزن بھی کم کر دیا

 کراچی: کورونا وائرس نے فواد احمد کا وزن بھی کم کر دیا جب کہ وہ پھر سے پی ایس ایل میں لوٹنے کو تیار ہیں۔

آسٹریلوی اسپنر فواد احمد پاکستان سپر لیگ میں کورونا وائرس کا شکار ہونے والے پہلے کرکٹر تھے، ان کے بعد دیگرکھلاڑیوں میں وبا پھیلنے کی وجہ سے ایونٹ کو ملتوی کرنا پڑا۔ فواد 17 روز تک اپنے ہوٹل کے کمرے میں بستر تک محدود رہے، پی ایس ایل کے پہلے میچ میں بھی وہ 100 فیصد فٹ نہیں تھے، انھیں حرارت تھی تاہم میچ کیلیے فٹ قرار دیا گیا۔

کھیل ختم ہونے کے بعد جب دوبارہ معائنہ ہوا تو درجہ حرارت بڑھ چکا تھا جس کی وجہ سے انھیں فوری طور پر آئسولیٹ کردیا گیا۔ وہ اپنے نئے وطن آسٹریلیا واپس لوٹ چکے جہاں ایڈیلیڈ میں 14روز کا قرنطینہ کررہے ہیں۔

ایک آسٹریلوی ویب سائٹ کو انٹرویو میں فواد احمد نے کہاکہ وائرس سے دوچار ہونے کے بعد میری طبیعت سخت خراب ہوئی، 4 روز شدید بخار رہا، بستر پر لیٹے ہوئے صرف اپنی مرحومہ والدہ کے بارے میں ہی سوچتا رہا، 10 روز کے دوران میرا ساڑھے 3 کلو وزن کم ہوا۔

انھوں نے ازراہ مذاق کہا کہ سر میں اتنا شدید درد تھا کہ محسوس ہوتا تھا دماغ میں وائرس کی دوڑ لگی ہوئی ہو۔ فواد احمد کی والدہ راحت کا اکتوبر میں کورونا وائرس کی وجہ سے ہی پاکستان میں انتقال ہوا تھا۔ آسٹریلیا لوٹنے سے قبل وہ ان کی قبر پر بھی گئے، اب وہ پی ایس ایل کے ری شیڈول ہونے پر دوبارہ لوٹنے کیلیے بھی تیار ہیں۔

فواد نے کہا کہ پی ایس ایل اور پی سی بی کو کورونا وائرس کے حوالے سے زیادہ بہتر اقدامات کرنا چاہیے تھے، وہ کافی نرم تھے کیونکہ انھیں لگتا تھا کہ کچھ بھی نہیں ہوگا، مگر اب جب وہ دوبارہ لیگ کا مستقبل قریب میں انعقاد کریں تو تمام ضروری اقدامات کو یقینی بنانا چاہیے۔

The post کورونا وائرس نے فواد احمد کا وزن بھی کم کر دیا appeared first on ایکسپریس اردو.



شکریہ ایکسپریس اردو » کھیل

ایک تبصرہ شائع کریں

جدید تر اس سے پرانی

ویب سائٹ کے بارے میں