فراڈیئے عاشق نے 20 مالدار عورتوں سے کروڑوں روپے ٹھگ لیے

بیجنگ: چند دن پہلے ایکسپریس نیوز کی اسی ویب سائٹ پر ہم نے جاپان میں محبت کا جھانسا دے کر درجنوں عورتوں سے ایک لاکھ ین اینٹھنے والے جعلساز عاشق کے بارے میں بتایا تھا لیکن آج ہم جس فراڈیئے عاشق کے بارے میں بتانے جارہے ہیں، اس کے سامنے جاپانی عاشق کوئی ناسمجھ بچہ محسوس ہوتا ہے۔

واقعہ یہ ہے کہ چند ہفتے قبل چینی پولیس نے صوبہ ہینان کے شہر ژنگژاؤ سے ایک ایسے شخص کو گرفتار کیا ہے جو پچھلے دو سال میں کم از کم 20 مالدار عورتوں کو اپنی جھوٹی محبت کے جال میں پھنسا کر ان سے لاکھوں ڈالر جتنی رقم بٹور چکا ہے۔

چائینیز میڈیا میں اس شخص کا نام ژانگ نان بتایا گیا ہے جو 2019 سے مختلف امیر عورتوں کے ساتھ دوستی کرکے لاکھوں ڈالر لوٹ چکا ہے۔

ایسی ہی ایک خاتون سے تو وہ 90 لاکھ یوآن (13 لاکھ امریکی ڈالر) جتنی رقم تحفے تحائف اور نقد صورت میں بٹور چکا ہے۔

چینی پولیس کے مطابق، اس شخص کا طریقہ واردات خاصا لگا بندھا ہوا کرتا تھا۔ سب سے پہلے یہ کسی ایسی مالدار عورت کو تلاش کرتا جو اکیلی رہتی ہو یا پھر کسی جذباتی صدمے سے گزر رہی ہو۔

اس کے بعد وہ کسی نہ کسی طرح اس عورت سے دوستی کرکے اسے باور کراتا ہے کہ وہ خود بھی بہت مالدار ہے اور اس عورت سے ’’سچی محبت‘‘ کرتا ہے۔

کبھی وہ خود کو مالدار تاجر کا بیٹا یا پوتا ظاہر کرتا تو کسی عورت کو یہ بتاتا کہ وہ خود کوئی بہت ہی اثر و رسوخ والا سرکاری ہے یا سرکاری افسر کا بیٹا ہے۔

بعض مالدار خواتین کو اپنی محبت کے جال میں پھنسانے کےلیے پہلے وہ اُن پر قیمتی تحفے تحائف کی برسات تک کرکے انہیں یقین دلاتا کہ وہ سچا ہے اور ان سے سچی محبت کرتا ہے۔

اعتماد قائم ہوجانے کے بعد وہ مختلف بہانوں سے ان خواتین سے بھاری رقم بٹورتا رہتا۔

ایک خاتون کو اپنی سچائی کا یقین دلانے کےلیے اس نے اپنے والدین اور گھر والوں تک سے ملوایا جو شہر سے باہر کسی قصبے کے معمولی گھر میں رہتے تھے جبکہ اس کے باپ کے پاس بھی نہایت معمولی قسم کی گاڑی تھی۔

اس عورت کا شک دور کرنے کےلیے ژانگ نان نے جواز پیش کیا کہ اس کے والد ایک بہت بڑے سرکاری ٹھیکیدار ہیں اور اگر وہ قیمتی گاڑیوں میں گھومنے لگے یا انہوں نے خوبصورت گھر بنالیا تو وہ ارد گرد رہنے والوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی نظروں میں آسکتے ہیں۔

پولیس تفتیش کے دوران ایک حیرت انگیز انکشاف یہ بھی ہوا کہ اس مکار شخص نے ایک ہی عمارت کی تین الگ الگ منزلوں پر رہنے والی خواتین کو ایک ساتھ اپنے عشق کے جال میں پھنسایا اور لاکھوں ڈالر بھی اینٹھے۔

ژانگ نان کا پول اس وقت کھلا جب گزشتہ ماہ اس کی ایک محبوبہ نے پولیس کو اس کے خلاف درخواست دی، جس میں یہ مؤقف اختیار کیا کہ اس شخص نے جھوٹ بول کر اس سے تقریباً ایک کروڑ 95 لاکھ یوآن (30 لاکھ ڈالر) اینٹھ لیے ہیں۔

تفتیش آگے بڑھنے پر اس ایک شخص کے ہاتھوں خطیر رقم سے محروم ہونے والی مزید 19 عورتوں کا علم ہوچکا ہے جبکہ ژانگ نان اس وقت پولیس کی حراست میں ہے۔

دورانِ تفتیش اس نے پولیس کو بتایا کہ وہ جو رقم بھی ٹھگتا تھا، اسے وہ عیاشی اور جوئے میں اُڑا دیا کرتا تھا، لہذا اس کے پاس ’’لوٹ کا مال‘‘ بالکل بھی موجود نہیں۔ اس بات کی تصدیق زانگ نان کے بینک اکاؤنٹ سے بھی ہوئی، جس میں معمولی رقم ہی موجود تھی۔

اس کیس کے بعد چینی محکمہ پولیس نے خواتین کو خبردار کیا ہے کہ وہ چاہے جذباتی طور پر کتنی ہی کمزور اور تنہائی کا شکار کیوں نہ ہوں، لیکن ہمدردی کرنے والے انجان لوگوں سے ہوشیار رہیں کیونکہ اس طرح کے لوگ بعد میں دھوکے باز اور فراڈیئے نکل سکتے ہیں۔

The post فراڈیئے عاشق نے 20 مالدار عورتوں سے کروڑوں روپے ٹھگ لیے appeared first on ایکسپریس اردو.



شکریہ ایکسپریس اردو » دلچسپ و عجیب

ایک تبصرہ شائع کریں

جدید تر اس سے پرانی

ویب سائٹ کے بارے میں