پاکستانی امیدوں کا دیاآغاز ہی میں بجھنے لگا

ٹوکیو: ٹوکیو اولمپکس میں پاکستانی امیدوں کا دیا آغاز ہی میں بجھنے لگا۔

خواتین بیڈمنٹن کے سنگلز ایونٹ میں ماحور شہزاد کو ابتدائی میچ میں بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑا،انھیں جاپانی پلیئر ایکانی یاما گوچی نے 3-21 اور 8-21 سے آؤٹ کلاس کردیا۔

دوسری جانب گیمزمیں شریک پاکستانی شوٹر گلفام جوزف معمولی فرق سے میڈل راؤنڈ کے لیے کوالیفائی نہیں کرپائے، مینز 10 میٹر ایئرپسٹل ایونٹ میں انھوں نے 578 پوائنٹس جوڑ کر نویں پوزیشن پر اختتام کیا۔

فائنل راؤنڈ کے لیے 8 شوٹرز کو کوالیفائی کرنا تھا، کوالیفکیشن راؤنڈ میں اگرچہ ایک موقع پر گلفام نے ساتویں پوزیشن تک بھی رسائی پائی لیکن وہ اسے برقرار نہیں رکھ پائے اور پہلے ہی مرحلے میں باہر ہوگئے۔

جہلم سے تعلق رکھنے والے گلفام نے ٹوکیو گیمز میں حیران کن طور پر انٹری پائی تھی، انھیں نومبر 2019 دوحا میں منعقدہ 14 ویں ایشین چیمپئن شپ کی پرفارمنس پر اولمپکس کوٹے میں جگہ دی گئی، ان کی کیٹیگری میں بھارتی سورابھ چوہدری نے 586 اسکور کے ساتھ ٹاپ پوزیشن پائی، پاکستانی محمد خلیل اختر اور غلام مصطفیٰ بشیرٹوکیو گیمز کے 25 میٹر ریپڈ فائر پسٹل ایونٹ میں صلاحیتوں کے جوہر دکھائیں گے۔

پاکستان نے 6 ایونٹس میں 10 ایتھلیٹس کو ملک کی نمائندگی کے لیے جاپان بھجوایا ہے، ارشد ندیم جیولین تھرو میں حصہ لیں گے، اتوار کو ویٹ لفٹنگ مینز 67 کے جی میں طلحہ طالب ایکشن میں دکھائی دیں گے۔

 

The post پاکستانی امیدوں کا دیاآغاز ہی میں بجھنے لگا appeared first on ایکسپریس اردو.



شکریہ ایکسپریس اردو » کھیل

ایک تبصرہ شائع کریں

جدید تر اس سے پرانی

ویب سائٹ کے بارے میں