ٹی 20 کی عالمی جنگ، پاکستانی ہتھیاروں کی آج رونمائی

 کراچی: ٹی 20 کی عالمی جنگ کیلیے پاکستانی ہتھیاروں کی رونمائی پیر کو ہوگی۔

منتخب پلیئرز نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے خلاف ہوم سیریز میں بھی اپنے جوہر دکھائیں گے, اعلان سے قبل کئی پلیئرز کے دل کی دھڑکنیں بے ترتیب ہونے لگیں, سرفراز احمد کو بھی اپنی قسمت کا لکھا پڑھنے کا انتظار ہے, حیدر علی بھی پھر سے گرین شرٹ تن پر سجانے کا خواب آنکھوں میں سجائے بیٹھے ہیں, بہت سے نوجوانوں کیلیے اپنا نام ریزروز میں دیکھنا بھی کافی ہوگا, خوش قسمت کرکٹرز کے ناموں کا اعلان چیف سلیکٹر محمد وسیم کریں گے, چیف ایگزیکٹیو وسیم خان عبوری چیئرمین کے طور پر منظوری دیں گے۔

بورڈ کے متوقع سربراہ رمیز راجہ کی بھی اسکواڈ کی تشکیل میں رائے شامل ہے. تفصیلات کے مطابق پاکستان کی نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے خلاف ہوم سیریز اور ٹی 20 ورلڈ کپ کیلیے اسکواڈ کا اعلان پیر کو چیف سلیکٹر محمد وسیم کریں گے، منتخب کھلاڑیوں کو نیوزی لینڈ سے 5 اور انگلینڈ سے 2 مختصر فارمیٹ کے میچز کی صورت میں ورلڈ کپ کیلیے خود کو تیار کرنے کا موقع میسر آئے گا جبکہ مینجمنٹ بھی ٹیم کمبی نیشن کو حتمی شکل دے سکتی ہے, اسکواڈ کے اعلان سے قبل کچھ کھلاڑیوں کے دل کی دھڑکنیں تیز ہورہی ہیں۔

ٹیم کے مستقل ارکان کو فی الحال زیادہ پریشان نہیں ہوں گے, نیوزی لینڈ سے ون ڈے سیریز کیلیے ڈراپ ہونے والے وکٹ کیپر بیٹسمین سرفراز احمد بھی اپنی قسمت کا لکھا پڑھنے کو بییاب ہوں گے, انھیں مختصر فارمیٹ کیلیے ٹیم میں برقرار رکھنے کی توقع ظاہر کی جارہی ہے, حیدر علی بھی ایک بار پھر اپنے تن پر گرین شرٹ سجانے کو بیتاب ہیں، وہ بھی اعلان سننے کو کافی بے چین ہوں گے، ذرائع کے مطابق 6 سے 7 ریزرو پلیئرز کے بھی ناموں کا اعلان متوقع ہے۔

ٹیم میں جگہ بنانے کے خواہشمند متعدد نوجوانوں کیلیے فی الحال اپنا نام ریزرو لسٹ میں دیکھنا بھی کافی ہوگا, ٹیم کا اعلان اگرچہ چیف سلیکٹر محمد وسیم کریں گے تاہم اس کی منظوری بورڈ چیئرمین کے اختیار عبوری طور پر استعمال کرنے والے چیف ایگزیکٹیو وسیم خان دیں گے. بورڈ کے نئے متوقع چیئرمین رمیز راجہ بھی چیف سلیکٹر محمد وسیم کو اپنی رائے دے چکے ہیں، اس لیے میگا ایونٹ کیلیے تشکیل میں رمیز کی رائے شامل ہونے کی توقع ہے۔

ان کی باقاعدہ تقرری 13 ستمبر کے انتخاب کے بعد ہوگی جبکہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے میگا ایونٹ کیلیے 15 رکنی اسکواڈ کو فائنل کرنے کی خاطر 10 ستمبر کی ڈیڈ لائن مقرر کررکھی ہے۔ یاد رہے کہ پاکستان ٹیم نیوزی لینڈ سے 5 ہوم ٹی 20 میچز 25, 26, 29 ستمبر اور یکم و 3 اکتوبر کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گی جبکہ انگلینڈ سے 2 میچز 13 اور 14 اکتوبر کو راولپنڈی میں کھیلے گی۔ گرین شرٹس ورلڈ کپ میں اپنی مہم کا آغاز 24 اکتوبر کو بھارت کے خلاف میچ سے کریں گے۔

The post ٹی 20 کی عالمی جنگ، پاکستانی ہتھیاروں کی آج رونمائی appeared first on ایکسپریس اردو.



شکریہ ایکسپریس اردو » کھیل

ایک تبصرہ شائع کریں

جدید تر اس سے پرانی

ویب سائٹ کے بارے میں