کراچی: فضاؤں میں بھی سفر کرنے والے مسافروں کو پاک بھارت میچ سے باخبر رکھنے کے لئے پی آئی اے نے خصوصی انتظامات کرلئے۔
ایکسپریس نیوزکے مطابق دبئی میں جاری آئی سی سی ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ کے سب سے بڑے ٹاکرے روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے مابین میچ دیکھنے کے لئے پاکستان بھر میں مختلف مقامات پر بڑی اسکرینیں نصب کی جارہی ہیں، شائقین کرکٹ سنسنی خیز مقابلے کا بے صبری سے انتظار کررہے ہیں، ایسے میں قومی ایئرلائن پی آئی اے نے بھی شائقین کرکٹ کی دلچسپی اور شوق کو مد نظر رکھتے ہوئے فضاؤں میں بھی مسافروں کو پاک بھارت میچ سے باخبر رکھنے کے لئے خصوصی انتظامات کرلئے ہیں۔
اس خبرکوبھی پڑھیں: حسن علی کی ’دل دل پاکستان‘ گانے کی ویڈیو وائرل
پی آئی اے کے سی ای او ایئر مارشل ارشد ملک نے تمام پروازوں پر اپنے مسافروں کو میچ سے باخبر رکھنے کیلئے احکامات جاری کردیئے ہیں، جس کے بعد اب فضاؤں میں بھی سفر کرنے والے مسافر بھی پاک بھارت میچ سے باخبر رہیں گے۔
اس خبرکوبھی پڑھیں: پاک بھارت اعصاب شکن معرکے کیلیے طبل جنگ بج گیا
ذرائع کے مطابق اندرون و بیرون ملک جانے والی تمام پروازوں پر کپتان پاک بھارت سنسنی خیز میچ میں مسافروں کو اپ ڈیٹ رکھیں گے، پی آئی اے کی لانگ روٹ پر جانے والی پروازوں پر کپتان مسافروں کو سیٹلائٹ کمیونیکیشن کے تحت میچ سے متعلق اطلاع دیتے رہیں گے، پی آئی اے کے بوئنگ 777 طیاروں میں خودکار نظام اور سسٹم کے تحت مسافروں کو میچ کی صورتحال سے آگاہ رکھا جائے گا، ایئربس 320 طیارے کے کپتان اے ٹی سی اور ریڈار کنٹرولر سے میچ کی تفصیلات لے کر مسافروں کو آگاہ کریں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نجی ایئرلائنز بھی اندرونِ ملک پروازوں پر میچ سے متعلق مسافروں کوآگاہ رکھیں گی، جب کہ غیر ملکی ایئرلائنز بھی اپنے مسافروں کو طویل دورانیے کی پروازوں پر وائی فائی اور جدیدسسٹم کے تحت میچ سے آگاہ رکھیں گی۔
The post فضا میں سفر کرنے والے مسافر بھی پاک بھارت ٹاکرے سے لطف اندوز ہوں گے appeared first on ایکسپریس اردو.
شکریہ ایکسپریس اردو » کھیل