راولپنڈی میں شیڈول پاک انگلینڈ ٹیسٹ سیریز کے پہلے میچ کیلئے ٹریفک پلان مرتب کرلیا گیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق سٹی ٹریفک پولیس روالپنڈی تیمور خان نے بتایا کہ کرکٹ میچز کے دوران ٹریفک پولیس کے 432 اہلکار اسپیشل ڈیوٹی کے فرائض سرانجام دیں گے جبکہ اسٹیڈیم روڈ 9 ایونیو چوک سے ڈبل روڈ تک ٹریفک دونوں اطراف سے مکمل طور پر بند ہوگی۔
اسلام آباد سے آنیوالی ٹریفک فیض آباد سے ایکسپریس وے اور مری روڈ استعمال کر سکے گی جبکہ 9 ایونیو آنے والی ٹریفک براستہ آئی جے پی روڈ، پنڈورہ چونگی ،کٹاریاں، کیرج فیکٹری ،پیرودھائی موڑ ،چک مدد سے راولپنڈی میں داخل ہوسکے گی۔
مزید پڑھیں: پاک انگلینڈ سیریز؛ میچ آفیشلز کا اعلان ہوگیا
راولپنڈی سے 9 ایونیو اسلام آباد جانے والی ٹریفک براستہ فیض آباد اسلام آباد داخل ہو سکے گی جبکہ کرکٹ ٹیموں کی روانگی اور واپسی کے وقت مری روڈ کو فیض آباد سے ڈبل روڈ تک مکمل طور پر بند کیا جائے گا، جسے دوران موومنٹ اسلام آباد سے آنے والی ٹریفک کو فیض آباد سے ایکسپریس وے کی جانب ڈائیورٹ کیا جائے گا۔
ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ راولپنڈی سے اسلام آباد جانے والی ٹریفک کو 6 روڈ سے سیدپور روڈ کی طرف موڑا جائے گا، اسی طرح غوثیہ چوک سے آنے والی ٹریفک کو براستہ فاروق اعظم روڈ، کری روڈ کی طرف موڑا جائے گا۔
مزید پڑھیں: انگلینڈ کے خلاف سیریز کیلیے پاکستانی اسکواڈ کا اعلان،سرفراز شامل
پلان میں مزید بتایا گیا ہے کہ دوران میچز شہریوں کی سہولت کے لئے اہم شاہراہوں پرمتبادل راستوں کے متعلق آگاہی بینر زبھی آویزاں ہوں گے، متبادل راستوں پر ٹریفک کو رواں دواں رکھنے کیلئے اضافی اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔
ٹریفک پولیس کے آفیشل سوشل میڈیا پیجز اور ریڈیو اسٹیشن 88.6کے ذریعے شہریوں کو ٹریفک صورتحال کے متعلق لمحہ بالمحہ آگاہی فراہم کی جائے گی۔
The post پاک انگلینڈ سیریز؛ راولپنڈی کیلئے ٹریفک پلان مرتب کرلیا گیا appeared first on ایکسپریس اردو.
شکریہ ایکسپریس اردو » کھیل