کراچی: سال بھر کے بہترین پرفارمرز کو انعام ملنے کا وقت آگیا، آئی سی سی آج سے مختلف ایوارڈز فاتحین کا اعلان کرے گی۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے اپنے سالانہ ایوارڈز کے مرحلہ وار اعلان کا شیڈول جاری کردیا ہے، جس کے تحت پیر اوور منگل کے روز 5آئی سی سی ٹیمز آف دی ایئر کی رونمائی کی جائے گی جبکہ 13کیٹیگریز میں انفرادی ایوارڈز کا اعلان 25 اور 26 جنوری کو ہوگا۔
ووٹنگ میں دنیا بھر کے ہزاروں شائقین نے بھی آن لائن حصہ لیا، 4 روز کے دوران آئی سی سی کے ڈیجیٹل چینلز پر ان ایوارڈز فاتحین کی رونمائی ہوگی، سال بھر کے دوران مختلف کنڈیشنز میں بہترین پرفارم کرنے والے کھلاڑیوں کیلیے ووٹنگ کا مرحلہ مکمل ہوچکا ہے اب صرف ان کے نام ظاہر کرنے کا وقت ہے۔
انفرادی کیٹیگریز میں سب سے زیادہ توجہ کا مرکز اس وقت سرگیری سوبرز ٹرافی برائے مینز کرکٹر آف دی ایئر اور راشیل فلنٹ ٹرافی برائے ویمنز کرکٹر آف دی ایئر پر مرکوز ہے۔
انفرادی ایوارڈز کے اعلان سے قبل آئی سی سی کی جانب سے پہلے 5 ٹیمز آف دی ایئرز کا اعلان کیا جائے گا جن کا انتخاب میڈیا نمائندوں کے ایک غیرجانبدار پینل کی جانب سے کیا گیا ہے۔
اس سال کے اویارڈز میں کھلاڑیوں کی ویمنز ورلڈ کپ اور مینز ٹی 20 ورلڈ کپ میں پرفارمنسز کو بھی مدنظر رکھا گیا ہے، 13 انفرادی کیٹیگریز میں سے 9 کا فیصلہ کھلاڑیوں کی یکم جنوری سے 31 دسمبر 2022 تک کی پرفارمنسز کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔
آج آئی سی سی کی جانب سے مینز اور ویمنز ٹی 20 ٹیمز آف دی ایئر کا اعلان کیا جائے گا، منگل کے روز مینز اور ویمنز ون ڈے ٹیمز کے ساتھ مینز ٹیسٹ ٹیم آف ایئر کی بھی رونمائی ہوگی۔
25 جنوری کو آئی سی سی کی جانب سے ایسوسی ایٹ، ٹی 20 اور ایمرجنگ کرکٹر آف دی ایئر کی کیٹیگریز میں ایوارڈز کا اعلان ہوگا جبکہ آخری روز جمعرات کو امپائر آف دی ایئر، مینز اور ویمنز ون ڈے کرکٹر آف دی ایئر اور مینز ٹیسٹ کرکٹر آف دی ایئر ایوارڈ کا اعلان کیا جائے گا۔
اسی روز راشیل فلنٹ ٹرافی برائے ویمنز کرکٹر آف دی ایر اور اس کے بعد سر گیری سوبرز ٹرافی برائے مینز کرکٹر آف دی ایئر کا بھی اعلان ہوگا۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے ایوارڈز فاتحین کے اعلانات کا اختتام آئی سی سی اسپرٹ آفف کرکٹ ایوارڈ کی رونمائی کے ساتھ ہوگا، کچھ انفرادی کیٹیگریز میں پاکستانی پلیئرز بھی امیدواروں میں شامل ہیں۔
The post سال بھر کے بہترین پرفارمرز کو انعام ملنے کا وقت آ گیا appeared first on ایکسپریس اردو.
شکریہ ایکسپریس اردو » کھیل