جنیوا: عالمی ادارہ برائے صحت نے پوری دنیا میں تیزی سے پھیلنے والے امراض پر نظر رکھنے، علاج وضع کرنے اور ان سے خبردار کرنے کے لیے ایک غیرمعمولی نیٹ ورک کا اعلان کیا ہے۔
ڈبلیوایچ او کے تحت ’انٹرنیشنل پیتھوجِن سرویلیئنس نیٹ ورک‘ (آئی پی ایس این) کا نام دیا گیا ہے۔ اس کےتحت مختلف ممالک کو جوڑ کر مشترکہ طور پر امراض کے نمونوں، تحقیق اور علاج کے عمل کو تیزترکیا جاسکے گا۔ واضح رہے کہ یہ پلیٹ فارم عالمی کووڈ وبا کے تحت بنایا گیا ہے۔
پلیٹ فارم کا خاص مقصد انفیکشنز یا متعدی امراض کو روکنا ہے جو بہت تیزی سے پھیل کردنیا کو اپنی لپیٹ میں لیتے رہتے ہیں۔ نیٹ ورک سے انفیکشن امراض کی شناخت،معلومات اور علاج کی راہ ہموار ہوگی۔ پھر تحقیقی سطح پر ہر نئے جراثیم اور وائرس پر تحقیق اور جینیاتی چھان بین بھی کی جائے گی جن سے ہلاکت اور پھیلاؤ پر غور کیا جائے گا۔
عالمی ادارہ برائے صحت کے سربراہ ادھونم گیبریئسس نے اسے ایک بامقصد قدم قرار دیتے ہوئے اسے صحت کا تحفظ قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کووڈ کے بعد دنیا امراض سے لڑنے کے لیے قدرے قوت سے کھڑی ہوئی ہے۔
اس نیٹ ورک میں طبی ماہرین، جینیاتی سائنسداں، حکومت، اداروں اور جامعات کے اساتذہ ایک دوسرے سے بہتر رابطہ بھی کرسکیں گے۔
The post عالمی ادارہ صحت نے پھیلنے والے امراض کا عالمی نیٹ ورک قائم کردیا appeared first on ایکسپریس اردو.
شکریہ ایکسپریس اردو » صحت