ایشیا کپ؛ پاکستان اور بھارت کو بات چیت کے ذریعے حل نکالنا چاہیے، یونس خان

  کراچی: سابق ٹیسٹ کپتان یونس خان نے کہا ہے کہ عالمی کپ کی تیاری کے لیے ون ڈے انٹرنیشنل سیریز کا ہونا اہم ہے، بدقسمتی سے ایشیا کپ کا انعقاد مسئلہ بنا ہوا ہے،پاکستان ورلڈکپ جیتنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق ٹیسٹ کرکٹر نے کہا کہ اگر ایشیا کپ پاکستان میں ہوجائے تو بہت خوش آئند بات ہوگی، پی سی بی کو عالمی کپ جیسے  بڑے اور میگا ایونٹ سے قبل مناسب منصوبہ بندی کرنی چاہیے۔

انہوں نے  کہا کہ کرکٹ پاکستان اور بھارت سے بڑی ہے، دونوں بورڈز کو یہ سمجھنا ہوگا اور بات چیت کے ذریعے  مسئلہ حل کرنا ہوگا۔

یونس خان نے کہا کہ میرا نام بھارت کے خلاف پرفارم کرکے بنا، پاک بھارت کرکٹ کے انعقاد  سے  دونوں ممالک کے کرکٹ بورڈز کے ساتھ  کھلاڑیوں کو بھی مالی منفعت اور آسودگی میسر آئے گی۔

سابق ٹیسٹ کپتان نے کہا کہ مجھے یقین ہے پاکستان ورلڈکپ کے ٹاپ فور میں پہنچ کر سیمی فائنل کھیلنے میں کامیاب رہے گا،پاکستان کرکٹ ٹیم میں اچھے کھلاڑی موجود ہیں جبکہ ہماری فاسٹ بولنگ بہت اچھی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ امر بھی تسلی بخش ہے کہ پاکستان کے پاس تین سے چار کھلاڑی ایسے ہیں جو اپنی ٹیم کو جتواسکتے ہیں، یونس خان نے مشورہ دیا کہ بڑے مقابلوں میں بطور ٹیم کھیلیں ، کھیل کےتینوں شعبے اہم ہیں۔

یونس خان نے نے  قومی کپتان بابراعظم کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ انہیں  چاہیے  وہ  پاک بھارت میچ کا پریشر نہ لیں بلکہ کھیل سے بھرپور انداز میں لطف اٹھائیں، کسی بھی بڑے میچ میں کپتان کے پاس  دو سے تین  پلان ہوں تو سود مند رہتا ہے۔

سابق کپتان نے کہا کہ پاکستان ورلڈکپ جیتنے کی صلاحیت رکھتا ہے، ہمارے پاس فخر زمان اوربابراعظم جیسے اچھے بیٹرز موجود ہیں جو کھیل کا پانسہ تبدیل کرنے کی اہلیت اور صلاحیت رکھتے ہیں۔

The post ایشیا کپ؛ پاکستان اور بھارت کو بات چیت کے ذریعے حل نکالنا چاہیے، یونس خان appeared first on ایکسپریس اردو.



شکریہ ایکسپریس اردو » کھیل

ایک تبصرہ شائع کریں

جدید تر اس سے پرانی

ویب سائٹ کے بارے میں