پاکستان میں فٹ بال لیگ کا قیام ناگزیر ہے، قومی فٹبالر عبداللہ شاہ

پاکستان کی قومی فٹ بال ٹیم کے مایہ ناز کھلاڑی اور انڈر 23 ٹیم کے کپتان عبداللہ شاہ کا کہنا ہے کہ پاکستان میں فٹ بال کو فروغ دینے کیلئے فٹ بال لیگ کا قیام ناگزیر ہے۔ ازبکستان میں شروع ہونے والے فٹ بال میچ میں شرکت سے قبل اسلام آباد میں میں منعقدہ تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے عبداللہ شاہ نے کہا کہ  ملک میں پچھلے کچھ سال سے فٹ بال کے کھیل کو فروغ ملا ہے، پاکستان میں فٹبال کے شائقین کی تعداد مسلسل بڑھ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئی نسل کو تباہی سے بچانے کے لیے ملک میں کھیلوں کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ اسکول اور کالج کی سطح پر کھیلوں کے مقابلوں کو فروغ دے کر پاکستان کے چھپے ہوئے ٹیلنٹ کو آگے بڑھنے کا موقع مل سکتا ہے۔ عبداللہ کا کہنا تھا کہ فٹ بال دنیا بھر میں مقبول ترین کھیل ہے جو دنیا کے 206 ممالک میں کھیلا جاتا ہے جبکہ کرکٹ زیادہ تر جنوبی ایشیاء کا مقبول کھیل ہے جو دنیا کے 20 کے قریب ممالک میں کھیلا جاتا ہے۔ پاکستان منی فٹ بال کے صدر مبشر سنجرانی کا کہنا ہے کہ فٹ بال کے عالمی مقابلوں میں پاکستان کی شرکت کے لیے سرکاری سطح پر طویل المدتی منصوبہ بندی کی ضرورت ہے، اس وقت بھارت اور پاکستان سمیت جنوبی ایشیاء کے کسی ملک کی فٹ بال ٹیم عالمی مقابلوں میں حصہ نہیں لے رہی، جاپان کو عالمی فٹ بال کے مقابلوں کے لیے کوالیفائی کرنے میں بیس سال لگے ہیں۔ اس موقع پر عبداللہ شاہ نے وفاقی دارالحکومت کے تعلیمی اداروں کے فٹ بال کے ہونہار طلباء کو آٹوگراف بھی دیے اور فٹ بال کے حوالے سے ان کی حوصلہ افزائی بھی کی۔

شکریہ Sports News in Urdu - کھیل - ایکسپریس اردو

ایک تبصرہ شائع کریں

جدید تر اس سے پرانی

ویب سائٹ کے بارے میں