ٹیکنالوجی کی دنیا میں ایک اور حیران کن قدم سامنے آیا ہے، جہاں میٹا اپنے بانی اور سی ای او مارک زکربرگ کا اے آئی کلون بنانے کی تیاری کررہی ہے۔ یہ ڈیجیٹل اوتار نہ صرف زکربرگ جیسا دکھائی دے گا بلکہ ملازمین سے براہِ راست گفتگو اور رہنمائی بھی کرے گا۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق کمپنی ایک ایسے اے آئی اوتار پر کام کر رہی ہے جسے زکربرگ کی اصل آواز، لہجے، اندازِ گفتگو اور باڈی لینگویج تک کی ٹریننگ دی جا رہی ہے۔ اس کا مقصد یہ ہے کہ کمپنی کے ملازمین، چاہے وہ دنیا کے کسی بھی حصے میں ہوں، زکربرگ کے ساتھ ’’ورچوئل‘‘ انداز میں رابطہ قائم کر سکیں اور ان سے فیڈ بیک حاصل کرسکیں۔ ذرائع کے مطابق یہ منصوبہ ابھی ابتدائی مراحل میں ہے، تاہم اگر یہ کامیاب رہا تو مستقبل میں میٹا دیگر تخلیق کاروں کو بھی اپنے اے آئی اوتار بنانے کی سہولت فراہم کرسکتا ہے۔ اس سے قبل 2024 میں کمپنی نے ایک لائیو ڈیمو میں یہ دکھایا تھا کہ کس طرح اے آئی شخصیات کو مختلف پلیٹ فارمز پر استعمال کیا جا سکتا ہے۔ View this post on Instagram دلچسپ بات یہ ہے کہ ایک رپورٹ کے مطابق مارک زکربرگ اپنی ذاتی ضروریات کے لیے بھی ایک الگ اے آئی ایجنٹ تیار کروا رہے ہیں، جو ان کے روزمرہ کاموں میں مدد دے گا۔ یہ سسٹم کمپنی کے لیے بنائے جانے والے اوتار سے مختلف ہوگا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر یہ ٹیکنالوجی کامیاب ہو جاتی ہے تو یہ کارپوریٹ دنیا میں کمیونیکیشن کے انداز کو مکمل طور پر بدل سکتی ہے، جہاں سربراہان اپنی ’’ڈیجیٹل موجودگی‘‘ کے ذریعے ہر وقت اپنے ادارے سے جڑے رہ سکیں گے۔
Tags:
سائنس وٹیکنالوجی