لڑکیوں کا بھی اب انڈر 19 ورلڈ کپ کھیلا جائے گا

 ممبئی:  لڑکیوں کا بھی اب انڈر 19 ورلڈ کپ کھیلا جائے گا جب کہ آئندہ برس انگلینڈ یا آسٹریلیا میں پہلا گرلز ایڈیشن منعقد ہوسکتا ہے۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے  آئندہ برس گرلز انڈر 19 ورلڈ کپ متعارف کرائے جانے کا امکان ہے، اس حوالے سے کچھ عرصے قبل آئی سی سی کی میٹنگ میں غور بھی ہوچکا، ممبران نے کم عمر لڑکیوں کیلیے بوائز انڈر 19 ورلڈ کپ کی طرز پر عالمی ایونٹ کے آئیڈیے کو کافی سراہا جو ہر 2 برس بعد منعقد ہوسکتا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ انگلینڈ یا پھر آسٹریلیا پہلے گرلز ایونٹ کی میزبانی کر سکتے ہیںکیونکہ وہاں پر اس قسم کے ٹورنامنٹ کیلیے سیٹ اپ پہلے سے موجود ہے۔

یاد رہے کہ بوائز انڈر 19 ورلڈ کپ آئندہ برس کے آغاز پر جنوبی افریقہ میں کھیلا جائے گا۔ گرلز ایونٹ کا مقصد دنیا بھر میں ویمنز کرکٹ کو فروغ دینا ہے، آئی سی سی کو امید ہے کہ لڑکوں کی طرح باصلاحیت لڑکیاں بھی اس موقع سے فائدہ اٹھائیں گی اور مختلف ممالک میں خواتین کرکٹ کی بنیاد مضبوط ہوگی۔ سرفراز احمد، ویرات کوہلی اور کین ولیمسن جیسے کھلاڑی بھی انڈر 19 ورلڈ کپ سے سامنے آئے اور بعد میں انھوں نے اپنی قومی ٹیموں کی باگ ڈور سنبھالی۔

ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ کئی ممالک ایسے ہیں جنھیں شروع میں اچھی پلیئرز ملنا مشکل ہوگا مگر یہ ایک اچھا آغاز ہے۔ اس سے ان ممالک میں ویمنز کرکٹ کی بنیاد رکھی جائے گی جہاں پر پہلے سے ان کیلیے کوئی باقاعدہ سیٹ اپ موجود نہیں ہیں ۔

واضح رہے کہ کچھ ممالک میں لڑکوں کی طرح لڑکیوں کے بھی مختلف ایج گروپس میں باقاعدگی کے ساتھ مقابلے ہوتے ہیں جبکہ کچھ میں ایسا سیٹ اپ موجود نہیں ہے۔

The post لڑکیوں کا بھی اب انڈر 19 ورلڈ کپ کھیلا جائے گا appeared first on ایکسپریس اردو.



شکریہ ایکسپریس اردو » کھیل

ایک تبصرہ شائع کریں

جدید تر اس سے پرانی

ویب سائٹ کے بارے میں