کراچی: ورلڈکپ کے بعد انگلش اور آسٹریلوی بورڈ حکام پاکستان کا دورہ کریں گے۔
گزشتہ روز لندن سے فون پر نمائندہ ’’ایکسپریس‘‘ سے خصوصی گفتگو میں احسان مانی نے کہا کہ بدقسمتی سے گزشتہ کچھ برسوں میں پی سی بی کے دیگر بورڈز سے اتنے اچھے تعلقات نہیں رہے، میں اب بہتری لانے کی کوشش کر رہا ہوں، ورلڈکپ کے بعد انگلش بورڈ کے چیف ایگزیکٹیو اور کرکٹ آسٹریلیا کے چیئرمین و سی ای او پاکستان کا دورہ کریں گے، باہر بیٹھ کر کسی کو کچھ بھی بتا دیں جب تک وہ خود آ کر نہ دیکھ لے کوئی فائدہ نہیں ہونا۔
انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ دونوں بورڈز کے حکام کو خود پاکستانی سیکیورٹی صورتحال کے جائزے کا موقع دیں، میری لندن میں میچ کے دوران نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کے سربراہ سے بھی ملاقات ہوگی، تینوں بورڈز سے میرے اچھے مراسم ہیں، یہ سب مجھے جانتے ہیں،میں چاہتا ہوں کہ بورڈ کی سطح پر بھی تعلقات بہتر ہوں۔ ہماری کوشش ہے کہ2022میں آسٹریلیا اور2023میں انگلینڈ کی ٹیم کو دورے پر بلائیں۔
احسان مانی نے کہا کہ میری پاکستانی ٹیم سے بدھ کو لندن میں ملاقات ہو گی، میں کھلاڑیوں پر کوئی دباؤ نہیں ڈالنا چاہتا صرف انکے حوصلے بڑھانے کی کوشش کروں گا، یہ وقت ٹیم کو سپورٹ کرنے کا ہی ہے، میں کپتان سرفراز احمد و دیگر کی بھی حوصلہ افزائی کرتے رہتا ہوں،ٹیم کی کارکردگی کا جائزہ ورلڈکپ کے بعد لیا جائیگا، فی الحال تو ہم چاہتے ہیں کہ سیمی فائنل میں رسائی حاصل کریں۔
چیئرمین بورڈ نے ایک سوال پر کہا کہ پاک افغانستان میچ میں جو ناخوشگوار واقعات ہوئے ان کو آئی سی سی اور انگلش حکام دیکھ رہے ہیں،متنازع بینر والے معاملے پر حکومت نے بھی احتجاج ریکارڈ کرا دیا،امید ہے آئندہ ایسا کچھ نہیں ہوگا۔
The post انگلش اور آسٹریلوی بورڈ حکام پاکستان کا دورہ کریں گے appeared first on ایکسپریس اردو.
شکریہ ایکسپریس اردو » کھیل