دہلی: بھارتی ڈومیسٹک کرکٹ میں پلیئرز سے رقم لے کر کھلانے کا اسکینڈل سامنے آگیا۔
دہلی پولیس کے ہاتھوں گزشتہ دنوں گرفتار 2 کوچز نے انکشاف کیا کہ وہ یہ ریکٹ ناگالینڈ کرکٹ کے ایک آفیشل کی مدد سے چلا رہے تھے، اس کیلیے وہ ابھرتے ہوئے پلیئرز سے معاملات طے کرنے کے بعد نقد رقم کی ادائیگی دہلی کے کرول باغ پر واقع جوتوں کی ایک دکان پر کرتے تھے۔ وہاں سے حوالہ یا دیگر ذریعے سے رقم مذکورہ آفیشل تک منتقل ہوجاتی۔
مذکورہ ریکٹ نے 11 پلیئرز سے 80 لاکھ کے قریب رقم بٹوری، یہ معاملہ اس وقت سامنے آیا جب تین پلیئرز نے بی سی سی آئی کے اینٹی کرپشن یونٹ کو اس سے متعلق شکایت کی تھی۔
مارچ میں اے سی یو کے ریجنل انٹیگریٹی منیجر انشومن اپادھے نے مقدمہ درج کرکے کارروائی شروع کی، اس کیس میں نئی پیشرفت یہ ہوئی کہ دہلی پولیس نے 19 جولائی کو2کوچز روی دلال اور حارث جمال کو گرفتار کیا تھا، اہلکاروں نے ناگالینڈ جاکر مذکورہ کرکٹ آفیشل سے پوچھ گچھ کرنے کیلیے دہلی پولیس ہیڈ کوارٹرز سے اجازت بھی طلب کی ہے۔
The post بھارتی ڈومیسٹک کرکٹ میں پلیئرز سے رقم لے کر کھلانے کا اسکینڈل سامنے آگیا appeared first on ایکسپریس اردو.
شکریہ ایکسپریس اردو » کھیل