کراچی: پی سی بی کو پی ایس ایل فرنچائزز کی بینک گارنٹی کی فکر ستانے لگی، ابھی سے یاددہانی کے خطوط ارسال کر دیے گئے ہیں جب کہ چوتھے ایڈیشن کے حسابات تاحال فائنل نہیں ہو سکے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے سپر لیگ فرنچائزز کو بینک گارنٹی کیلیے خطوط جاری کر دیے ہیں، عام طور پر ایونٹ سے6ماہ قبل فیس کے مساوی رقم کی ضمانت جمع کرانا پڑتی ہے،ذرائع نے بتایا کہ یاد دہانی کا مقصد وقت پرگارنٹیز کا حصول ہے، عموماً ہر سال فرنچائزز اس حوالے سے ڈیڈ لائن پوری نہیں کر پاتیں،مکمل ادائیگی نومبر میں کرنا ہوتی ہے۔
ادھر پی ایس ایل فور ختم ہوئے تقریباً چار ماہ ہونے والے ہیں تاہم ابھی تک حسابات کو حتمی شکل نہیں دی جا سکی،2 فرنچائزز کی جانب سے تاحال مکمل ادائیگیاں نہ کرنا بھی اس کی ایک وجہ ہے۔
گزشتہ دنوں جب بعض ٹیموں نے بورڈ کو ای میل بھیج کر سینٹرل پول سے حصے کی بابت پوچھا تو انھیں بتایا گیا کہ5 مئی کو واجب الادا پہلی قسط کی رقم اخراجات میں سے منہا کر لی گئی ہے۔ ان میں فرنچائزز کے ہوٹل کا کرایہ،ٹریولنگ و دیگر شامل ہیں، مکمل حساب کتاب کے بعد بتایا جائے گا کہ کسے مزید ادائیگی کرنا ہے اور کس کی رقم بقایاجات میں ہی مکمل ہو گئی۔
معاہدے کے تحت بورڈ کو سینٹرل پول کا دوسرا حصہ5 جولائی اور فائنل ادائیگی دسمبر میں کرنا ہے، اعلیٰ حکام کی بیرون ملک مصروفیات کی وجہ سے تاحال گورننگ کونسل کا اجلاس طلب نہیں کیا جا سکا جس میں پی سی بی فائنل اکاؤنٹس پیش کرے گا۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ ٹیکس کی رقم بھی اب بھی صرف 2 فرنچائزز نے ہی ادا کی ہے، اس حوالے سے بھی میٹنگ میں بات ہوگی۔ واضح رہے کہ بورڈ نے گذشتہ دنوں فرنچائزز کو ایک ای میل ارسال کر کے ورکنگ کمیٹی کیلیے نمائندہ نامزد کرنے کو کہا تھا مگر حیران کن طور پر کسی نے اس کا جواب دینا مناسب نہیں سمجھا۔
The post فرنچائزز کی بینک گارنٹی، پی سی بی کو فکر ستانے لگی appeared first on ایکسپریس اردو.
شکریہ ایکسپریس اردو » کھیل