مکی آرتھر مزید 2 سال عہدے سے جڑے رہنے کے خواہاں

 لندن:  ورلڈکپ میں کارکردگی سے قطع نظر مکی آرتھر مزید2سال عہدے سے جڑے رہنے کے خواہاں ہیں۔

ہیڈ کوچ مکی آرتھر کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ کیلیے کام کرتے ہوئے بہت اچھا وقت گزارا، عوام نے بھی بڑا پیار دیا، اس دوران کئی اچھے اور برے وقت بھی آئے، ہم نے چند یادگار فتوحات سمیٹیں، اب مستقبل کا فیصلہ مجھے اور پی سی بی کو کرنا ہوگا۔

ورلڈکپ سیمی فائنل سے محروم رہ جانے پر بھی کام جاری رکھنے کے سوال پر انھوں نے کہا کہ مجھے آئی پی ایل میں کام کرنے کی پیشکش بھی ہے لیکن میں سمجھتا ہوں کہ پاکستان ٹیم کے ساتھ میرا مشن ابھی ادھورا ہے۔ ہم ٹیم کا کلچر تبدیل کرنے میں کامیاب ہوئے تاہم کچھ اہداف مزید حاصل کیے جا سکتے ہیں، مجھے اگر موقع دیا جائے تو مزید 2سال پاکستان کرکٹ کیلیے کام کرنا چاہتا ہوں، اگر ایسا نہ ہوا تو مایوسی ہوگی۔

مکی آرتھر نے کہا کہ ہم بنگلہ دیش کیخلاف بھی عمدہ کارکردگی کا تسلسل برقرار رکھیں گے،آخری مقابلے میں فتح کیلیے کوشش کرسکتے ہیں دیگر مقابلوں میں کیا ہوتا ہے وہ ہمارے بس میں نہیں، امید ہے کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم انگلینڈ کو شکست دیدی گی۔ اس کے بعد گرین شرٹس بھی بنگلہ دیش کو زیر کرنے میں کامیاب ہوجائیں گے۔

ہیڈ کوچ نے کہا کہ ہماری پوری کوشش ہوگی کہ گزشتہ تینوں میچز میں جو کارکردگی دکھائی اس کا تسلسل برقرار رکھتے ہوئے آخری میچ میں بھی کامیابی حاصل کریں،میری خواہش ہے کہ ان فارم بیٹسمینوں کے ساتھ مزید 1،2 کھلاڑی بھی بڑا اسکور کریں،ہم اگر اچھا ٹوٹل حاصل کرلیں تو بولرز ہدف کا دفاع کرسکتے ہیں،شکیب الحسن اور تمیم اقبال اچھے کھلاڑی ہیں لیکن اپنی پلاننگ کے مطابق کھیلیں تو ہم ان پر قابو پا سکتے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ محمد حسنین کو نظر انداز نہیں کیا، نوجوان پیسر پاکستان کرکٹ کا اثاثہ ہیں،ہم انھیں مستقبل کیلیے گروم کررہے ہیں،اس سے قبل شاہین شاہ آفریدی کو بھی قومی ٹیم کیلیے تیار کیا تھا۔

The post مکی آرتھر مزید 2 سال عہدے سے جڑے رہنے کے خواہاں appeared first on ایکسپریس اردو.



شکریہ ایکسپریس اردو » کھیل

ایک تبصرہ شائع کریں

جدید تر اس سے پرانی

ویب سائٹ کے بارے میں