لندن / لاہور: ورلڈکپ سیمی فائنل تک رسائی کیلیے انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے میچ پر انحصار کرنے والے گرین شرٹس نے گزشتہ روز لارڈز میں بھرپور پریکٹس سیشن کیا، ٹیم نے ٹائیگرز کے شکار پرنظریں جما لی ہیں۔
سیمی فائنل تک رسائی کیلیے پاکستان ٹیم کو انگلینڈ کی نیوزی لینڈ کے ہاتھوں شکست کا انتظار ہے، دوسری طرف بنگلہ دیش کیخلاف آخری لیگ میچ کی تیاریاں بھی جاری ہیں، ایک روز آرام کے بعد گرین شرٹس نے منگل کو لارڈز میں بھرپور پریکٹس سیشن کیا۔
وارم اپ کے بعد کھلاڑی فیلڈنگ بہتر بنانے کیلیے سرگرم رہے، بعد ازاں نیٹ میں ٹاپ آرڈر بیٹسمینوں فخرزمان اور امام الحق نے تیز گیندوں کا سامنا کرنے کے بعد اسپنرز کی بولنگ پر اپنا فٹ ورک بہتر بنانے پرکام کیا۔
بابر اعظم، محمد حفیظ اور حارث سہیل نے بھی بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور کی رہنمائی میں پریکٹس کا سلسلہ جاری رکھا،بولرز میں محمد عامر، شاہین شاہ آفریدی اور حسن علی نے اپنی لائن اور لینتھ بہتر بنانے کیلیے کوشش کی،دائیں ہاتھ کی انگلی میں فریکچر کی تکلیف میں کمی کیلیے پُرامید وہاب ریاض ایکشن میں نظر نہیں آئے،شاداب خان، عماد وسیم اور محمد حفیظ نے اسپن بولنگ میں مہارت بہتر بنانے کیلیے کام کیا۔
دریں اثنا کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ پاکستان ٹیم نے اپنی غلطیوں سے سبق سیکھ لیا، بنگلہ دیش کیخلاف بھرپور تیاری کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔
لندن میں’’ایکسپریس نیوز‘‘ سے بات چیت کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ بھارت سے میچ کے بعد سب کو یکجا ہوکر بات کی کہ کھلاڑیوں اور مینجمنٹ کی بھرپور محنت کے باوجود کہاں غلطیاں کررہے ہیں جس کی وجہ سے بطور ٹیم اچھی پرفارمنس سامنے نہیں آ رہی، مسائل کا جائزہ لینے کے بعد سینئرز اور جونیئرز سب نے کہا کہ گذشتہ میچز میں جو ہوا اسے بھلا کر آئندہ میچز کیلیے نئے عزم کے ساتھ میدان میں اتریں گے، اس کے بعد پاکستان نے بطور ٹیم بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فتوحات حاصل کیں۔
ایک سوال پر سرفراز نے کہا کہ دیگر ٹیموں کے میچز کا نتیجہ ہمارے کنٹرول میں نہیں،ہماری توجہ اپنی پرفارمنس پر ہے،بنگلہ دیش کیخلاف مقابلے سے قبل وقفے کی وجہ سے تیاری کا اچھا موقع مل گیا، آخری میچ میں بھی جیت کا تسلسل برقرار رکھنے کی کوشش کریں گے۔
انھوں نے کہا کہ انگلینڈ میں پرستاروں اور پاکستانی عوام کی سپورٹ سے کھلاڑیوں کے حوصلے بلند ہیں، امید ہے کہ بنگلہ دیش کیخلاف میچ میں بھی حوصلہ افزائی برقرار رہے گی۔
سرفراز احمد نے کہا کہ حارث سہیل نمبر 5پر بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کیلیے زیادہ بہتر پرفارم کرسکتے تھے اس لیے خود بعد میں بیٹنگ کا فیصلہ کیا،مجھ سمیت کسی کے بھی بیٹنگ نمبر سے زیادہ ٹیم کے مفاد میں فیصلوں کی اہمیت ہے۔
The post شاہینوں نے ٹائیگرز کے شکار پر نظریں جمالیں appeared first on ایکسپریس اردو.
شکریہ ایکسپریس اردو » کھیل