نئی دہلی / مانچسٹر: ورلڈ کپ سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ کے ہاتھوں شکست سے بھارتیوں کے دل ٹوٹ گئے اور کئی مقامات پر لوگ آنسو بہاتے اور کھلاڑیوں کو برا بھلا کہتے بھی نظر آئے۔
ٹائمز آف انڈیا نے اپنے قارئین کو یہ بتانے کی کوشش کی کہ اس ہار سے دنیا ختم نہیں ہوگی۔ اخبار نے سرخی جمائی کہ ’ کل بدستور سورج نکلے گا‘ اس نے لکھا کہ رویندرا جڈیجا ایک قومی ہیرو کے طور پر اُبھر کر سامنے آئے ہیں۔ انڈین ایکسپریس کی ہیڈنگ تھی ’ان فنشر‘ تفصیل میں لکھا تھا کہ محسوس ہوتا تھا کہ اس بار بھی دھونی پانسہ پلٹ دینگے مگر ایسا نہیں ہوا۔
ادھر سابق بیٹسمین ٹنڈولکر نے کہاکہ ٹاپ3 پر حد سے زیادہ انحصار کا نقصان ہوا، ہر وقت دھونی سے ہی سامنے آنے اور اننگز فنش کرنے کی توقع کرنا درست نہیں ہے۔
دوسری جانب ورلڈ کپ مہم کا سیمی فائنل میں اختتام ہونے کے بعد بھارتی کپتان کوہلی شائقین کا غصہ ٹھنڈا کرنے لگے،انھوں نے پرستاروں سے انتہائی ردعمل سے باز رہنے کی درخواست کردی، انھوں نے کہا کہ میں ہمیشہ ہی متوازن ردعمل کے حق میں رہا ہوں، یہ درست ہے کہ شکست سے مایوسی ہوتی ہے مگر اس کو انتہا پر نہیں لے جانا چاہیے۔ بہت سے پلیئرز ایسے انتہائی ردعمل کا سامنا نہیں کرپاتے، ہر چیز کو اعتدال میں رکھنا چاہیے۔
دریں اثنا بھارتی کھلاڑی اب مختلف سمتوں میں سفر کرینگے، کچھ وطن واپس آئینگے جبکہ بعض کا ارادہ 2 ہفتوں کے وقفے کو انگلینڈ میں ہی سیروتفریح میں صرف کرنے کا ہے۔
بی سی سی آئی ترجمان نے کہاکہ 7 ہفتے ایک ساتھ رہنے کے بعد اب کھلاڑی اپنی اپنی منزل کو روانہ ہونگے، ان کیلیے پہلی دستیاب فلائٹس میں ٹکٹوں کا انتظام کیا جا رہا ہے۔
یاد رہے کہ بھارت کی اگلی آزمائش 3 اگست سے شروع ہونے والا دورئہ ویسٹ انڈیز ہے جس میں کچھ سینئر کھلاڑیوں کو آرام بھی دیا جائے گا۔
The post کیویز سے شکست پر بھارتیوں کے دل ٹوٹ گئے appeared first on ایکسپریس اردو.
شکریہ ایکسپریس اردو » کھیل