لاہور: انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن کی سیکیورٹی ٹیم نے پاکستان اور بھارت کےدرمیان اسلام آباد میں ڈیوس کپ ٹائی کے لیے گرین سگنل دے دیا۔
ایشیا اوشیانا ڈیوس کپ زون ون میں 14 اور 15 ستمبر کو پاکستان نے بھارتی ٹینس ٹیم کی میزبانی کرنی ہے۔ اس سلسلے میں پاکستان کے دورے پر آنے والی آئی ٹی ایف کی جائلز اگنس اور رچرڈ سائمن پر مشتمل 2 رکنی ٹیم نے پاکستان اسپورٹس کمپلیکس اسلام آباد کا دورہ کیا اور دستیاب سہولیات کا جائزہ لیا۔
ٹینس فیڈریشن کے صدر سلیم سیف اللہ کے مطابق وفد کو انتظامات سمیت مجوزہ سکیورٹی پلان پر بریفنگ دی گئی۔ مہمان وفد نے بھی ملکی حالات اور انتظامات کو تسلی بخش قرار دیا ہے۔ بدھ کو مہمان ٹیم واپس چلی گئی۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان ڈیوس کپ ٹینس کے ان میچوں میں پہلی بار ہوک آئی ٹیکنالوجی بھی استعمال ہوگی۔
55 سال بعد بھارٹی ٹیم ڈیوس کپ ٹائی میں شرکت کے لیے پاکستان آئے گی جب کہ 13 سال پہلے پاکستانی ٹیم نے بھارت جاکر ڈیوس کپ ٹائی میں شرکت کی تھی جہاں مقابلہ 2-2 سے برابر ہونے کے بعد فیصلہ کن میچ میں لینڈر پیش کے ہاتھوں عقیل خان کو شکست ہوئی۔ اب دونوں ممالک کے مابین ستمبر کے دوسرے ہفتے میں شیڈول ٹائی کےلیے پاکستان کی 5 رکنی ٹیم کا انتخاب کیا گیا ہے جس میں اعصام الحق،عقیل خان، محمد عابد مشتاق، مزمل مرتضی اور مدثر مرتضی شامل ہیں۔ مصحف ضیا کو نان پلینگ کپتان مقرر کیا گیا ہے۔
سلیم سیف اللہ کے مطابق آئی ٹی ایف آفیشلز اور بھارتی ٹیم کے ساتھ انڈین ٹینس فیڈریشن کے صدر انیل کھنہ بھی پاکستان پہنچیں گے۔ ایشیا اوشیانا زون 1 میں پاکستان، بھارت، لبنان، چین، کوریا اور ازبکستان شامل ہیں، گروپ کی فاتح ٹیم ورلڈ گروپ کے لیے کوالیفائی کرے گی۔
The post پاکستان اور بھارت کےدرمیان اسلام آباد میں ڈیوس کپ ٹائی کیلیے گرین سگنل مل گیا appeared first on ایکسپریس اردو.
شکریہ ایکسپریس اردو » کھیل