لندن: قومی کرکٹ ٹیم کے اوپنر امام الحق کا کہنا ہے کہ اچھا آغاز کرنے کے باوجود بڑا اسکور نہ کرنے پر افسوس ہے۔
اپنے انٹرویو میں امام الحق کا کہنا تھا کہ ہر میچ میں کوشش ہوتی ہے کہ اچھی فارم میں ہوں تو ٹیم کے لیے زیادہ سے زیادہ رنز بناﺅں، میں بھی عام طور پر سیٹ ہوجاﺅں تو بڑی اننگز کھیلنے میں کامیاب ہوجاتا ہوں، انگلینڈ کے خلاف سیریز سے ابھی تک میری فارم اچھی رہی ہے، ورلڈ کپ میں 40 رنز بنانے کے بعد ایسے اسٹروکس کھیلے جو نہیں کھیلنا چاہئیں تھے، کوچز اور کپتان بھی کہتے رہے ہیں کہ بہتر آغاز کو بڑے اسکور میں بدلنا چاہیے تھا لیکن افسوس ہے کہ میں ایسا نہیں کرپایا۔
امام الحق نے کہا کہ شاید میں 40 اور 50 رنز کے مرحلے سے گزرنے کی جلد بازی میں اپنی توجہ ہٹ جانے کی وجہ سے آﺅٹ ہوتا رہا، گزشتہ میچ میں بھی اچھا شاٹ نہیں کھیلا، کرکٹ میں غلطیاں ہوتی ہیں اور آپ ان سے سیکھتے ہیں، ابھی نوجوان ہوں اور اپنی غلطیوں سے سیکھ رہا ہوں، کوشش کروں گا کہ آئندہ اپنی خامیوں پر قابو پاکر بہتر کارکردگی دکھاﺅں،بنگلا دیش کیخلاف میچ میں ٹیم کے لیے پرفارمنس دکھانے کے لیے پر عزم ہوں۔
The post اچھا آغاز کرنے کے باوجود بڑا اسکور نہ کرنے پر افسوس ہے، امام الحق appeared first on ایکسپریس اردو.
شکریہ ایکسپریس اردو » کھیل