پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے کوچ کی تقرری کیلیے کمیٹی قائم

 لاہور: پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے کوچ کی تقرری کیلیے ایم ڈی پی سی بی وسیم خان اور ڈائریکٹر اکیڈمیز مدثر نذر پر مشتمل کمیٹی قائم کردی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے کوچ کے عہدے کے لیے مضبوط امیدواروں میں اعجاز احمد،اعظم خان، عتیق الزمان اور شاہد نذیر شامل ‎ہیں جب کہ امیدواروں کے انٹرویوز کا سلسلہ رواں ماہ کے تیسرے ہفتے میں شروع ہوگا۔

گزشتہ ماہ پی سی بی نے اشتہار جاری کرتے ہوئے انڈر 19 کوچ کے امیدواروں سے درخواستیں طلب کی تھیں۔ امیدواروں کے لیے انٹرنیشنل کرکٹر اور لیول 2 کوچنگ کورس کا حامل ہونا لازمی قرار دیا گیا تھا۔ بین الاقوامی یا اعلی سطح پر کام کرنے کا 3 سالہ تجربہ لازمی بتایا گیا تھا،ملکی یا صوبائی سطح پر نوجوان کرکٹرز کی صلاحیتیں نکھارنے کے پلان بنانے کی مہارت، ٹیلنٹ کی تلاش کرنے کا علم ہونا بھی شرائط میں شامل تھے۔ پرفارمنس کے تجزیئے کیلیے آئی ٹی میں مہارت بھی ضروری قرار پائی۔ امیدوار سے نوجوان کرکٹرز کے کھیل میں بہتری لانے کیلیے کامیاب تجربات کی فہرست بھی پوچھی جائے گی۔

انڈر 19 کوچ کو ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل سطح پر خدمات فراہم کرنے کے ساتھ گیم پلاننگ اور ایونٹس کی تیاری بھی کروانا ہے، کارکردگی میں تسلسل لانے کے لیے کام کرنا اور ٹیم کلچر کو انٹرنیشنل تقاضوں سے ہم آہنگ بھی کرنا ہے۔ ملک میں لیول 4 کوچز کے ہوتے ہوئے صرف لیول 2 کی شرط رکھے جانے سے ظاہر ہوتا ہے کہ کسی امیدوار کو موزوں بنانے کا ذہن پہلے ہی بنایا جاچکا ہے۔

The post پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے کوچ کی تقرری کیلیے کمیٹی قائم appeared first on ایکسپریس اردو.



شکریہ ایکسپریس اردو » کھیل

ایک تبصرہ شائع کریں

جدید تر اس سے پرانی

ویب سائٹ کے بارے میں