کراچی: نامکمل وینیو پشاور میں آئندہ برس پی ایس ایل میچزکی راہ میں رکاوٹ بن گیا جب کہ پی سی بی نے تجویزکوناقابل عمل قرار دے دیا ہے۔
زلمی نے آئندہ برس 3 پی ایس ایل میچز کی پشاور میں میزبانی کا ارادہ ظاہر کیا تھا، مگر پی سی بی نے اس تجویز کو قابل عمل قرار نہیں دیا۔
ذرائع نے بتایا کہ سینئر جنرل منیجر آپریشنزپی ایس ایل عثمان واہلہ نے فرنچائز اونر جاوید آفریدی کو ای میل میں لکھا کہ ’’ پشاور کا ارباب نیاز اسٹیڈیم آئندہ برس تک تیار نہیں ہو سکے گا، لہذا پی سی بی وہاں پانچویں ایڈیشن کے میچز کرانے پر غور نہیں کر رہا۔
جوابی ای میل میں جاوید آفریدی نے عثمان واہلہ کو بتایا کہ وزیر اعظم کی ہدایت پر وہ اس معاملے پر بورڈ کے چیئرمین اور ایم ڈی سے بات کر چکے۔ عمران خان چاہتے ہیں کہ پشاور کو میزبان شہروں میں شامل کیا جائے اور پی سی بی کی اعلیٰ شخصیات وہاں کا دورہ کریں تاکہ تین میچز کا انعقاد یقینی بنایا جا سکے۔اس پر عثمان واہلہ نے جاوید آفریدی کو ایک اور ای میل میں لکھا کہ چیئرمین پی سی بی احسان مانی کی آئندہ چند روز میں وزیر اعظم سے ملاقات ہونے والی ہے،وہاں اس معاملے پر تبادلہ خیال کے بعد ہم مزید کچھ بتا سکیں گے۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ خیبر پختونخوا کی صوبائی حکومت بھی پشاور میں میچز کا انعقاد چاہتی ہے، البتہ وینیوز کو بروقت تیار کرنا اور غیرملکی کرکٹرز کو وہاں آنے پر راضی کرنا منتظمین کیلیے بڑا چیلنج ہوگا۔
یاد رہے کہ آئندہ ایڈیشن کے میچز کراچی ، لاہور ، ملتان اورراولپنڈی میں ہونے ہیں۔
The post پی ایس ایل؛ نامکمل وینیو پشاور میں میچز کی راہ میں رکاوٹ appeared first on ایکسپریس اردو.
شکریہ ایکسپریس اردو » کھیل