سری لنکا نے احتیاط کا دامن مضبوطی سے تھام لیا، جائزہ مشن کا کراچی سے آغاز

کراچی: سری لنکا نے احتیاط کا دامن مضبوطی سے تھام لیا جب کہ جائزہ مشن کا بدھ کوکراچی سے آغاز ہوگا۔

اسلام آباد میں موجود چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے نمائندہ ’’ایکسپریس‘‘ سے فون پر خصوصی بات چیت میں بتایا کہ سری لنکاکا2 رکنی سیکیورٹی وفد بدھ کو کراچی پہنچ رہا ہے، اگلے روز لاہور اور پھر تیسرے دن ارکان اسلام آباد میں انتظامات کا جائزہ لیںگے، بورڈ آفیشلز کے ساتھ سیکیورٹی حکام بھی مہمانوں کو بریفنگ دیں گے، وہ گراؤنڈز اور ہوٹلز کا دورہ کریں گے،ان کی رپورٹ پر ہی سری لنکا اکتوبر میں2 ٹیسٹ کے لیے ٹیم پاکستان بھیجنے کا فیصلہ کرے گا۔

احسان مانی نے کہا کہ ملک میں ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے میچز کا تو انعقاد ہو چکا، اب ٹیسٹ کرکٹ کی واپسی بہت بڑا قدم ہوگی، ہماری سیکیورٹی صورتحال کافی بہتر اور مقابلوں کی میزبانی کیلیے مکمل تیار ہیں، اس سوال پر کہ آئی لینڈرز ٹیسٹ میچز کھیلنے کیلیے یہاں آنے میں زیادہ دلچسپی نہیں رکھتے،ان کا ارادہ دسمبر میں چند مختصر طرز کے میچز کیلیے دورے پر ہے۔

احسان مانی نے کہا کہ لندن میں میٹنگز کے دوران بورڈ حکام نے مجھ سے تو ایسی کوئی بات نہیں کہی، مجھے یقین ہے وہ ہمارے انتظامات سے مطمئن ہو کر ہی جائیں گے، یاد رہے کہ مارچ2009 میں سری لنکن کرکٹ ٹیم کی بس پر لاہور میں دہشت گردوں نے حملہ کر دیا تھا،اس واقعے میں8 افراد ہلاک اور کئی مہمان کھلاڑی زخمی ہو گئے تھے، اب آئی لینڈرز سے ہی کھیل کر ملک میں ٹیسٹ کرکٹ کی بحالی بڑا قدم ثابت ہو سکتی ہے۔

احسان مانی نے بتایا کہ آسٹریلوی اور انگلش بورڈ حکام بھی جلد پاکستان کا دورہ کریں گے،امید ہے کہ چند برسوں میں ہمارا ملک بڑی ٹیموں کی بھی میزبانی کرنے لگے گا۔

دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ بعض پی ایس ایل فرنچائزز نے اگلے ایونٹ کے تمام میچزپاکستان میں ہی کرانے پر تشویش کا اظہار کیا ہے،کئی غیرملکی کرکٹرز زیادہ دنوں کیلیے یہاں آنے سے انکار کر چکے، اسی لیے آدھے میچز یو اے ای منتقل کرنے کی باتیں ہو رہی ہیں۔

اس حوالے سے سوال پر چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ میں نے تمام فرنچائزز سے بات کرنے کے بعد ہی وزیر اعظم عمران خان سے پوری لیگ پاکستان میں کرانے کی اجازت لی تھی،اب تک کسی نے مجھ سے اپنے تحفظات کا اظہار نہیں کیا، پیرکولاہور میں ہماری ایک میٹنگ ہو رہی ہے وہاں اس حوالے سے بھی بات کریں گے، ابھی ہمارا میچز کی منتقلی کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔

ملتان سلطانز کی جانب سے فیس ادا کیے بغیر پی ایس ایل فور میں شرکت کے سوال پر احسان مانی نے کہا کہ فرنچائز سے معاہدہ ہر لحاظ سے دیکھ بھال کرکیا گیا، کسی سے کوئی خصوصی سلوک نہیں ہورہا، ملتان شرائط پر عمل کر رہا ہے، انھوں نے اس حوالے سے مزید تبصرے سے گریز کرتے ہوئے کہاکہ کنٹریکٹ کی شرائط و دیگر باتیں منظر عام پر نہیں لائی جا سکتیں۔

The post سری لنکا نے احتیاط کا دامن مضبوطی سے تھام لیا، جائزہ مشن کا کراچی سے آغاز appeared first on ایکسپریس اردو.



شکریہ ایکسپریس اردو » کھیل

ایک تبصرہ شائع کریں

جدید تر اس سے پرانی

ویب سائٹ کے بارے میں