کینیڈین لیگ؛ شاداب ، گیل کے لاٹھی چارج کی زد میں آ گئے

برامپٹن: گلوبل ٹی 20 کینیڈین لیگ میں شاداب خان،کرس گیل کے لاٹھی چارج کی زد میں آ گئے۔

جارح مزاج بیٹسمین نے پاکستانی اسپنر کے ایک ہی اوور میں 32 رنز بٹور لیے، 4 گیندوں کو فضائی اور 2 کو زمینی راستے سے باؤنڈری کی سیر کرائی، شاداب کو 4 اوورز میں بغیر کسی وکٹ کے 66 رنز کی پٹائی برداشت کرنا پڑی، محمد نواز اور شعیب ملک کچھ رنز بنانے میں کامیاب رہے، حفیظ کو صرف ایک وکٹ ملی ۔

تفصیلات کے مطابق گلوبل ٹی 20 لیگ میں کرس گیل نے اپنی ٹیم وینکیور نائٹس کو ایڈمنٹن رائلز پر 6 وکٹ سے فتح دلائی،166 رنز ہدف کے تعاقب میں جانے والے وینکیور نائٹس کو محمد حفیظ نے اپنے پہلے ہی اوور میں توبائس وائیسی کی وکٹ سے محروم کیا جوصرف ایک رن بناکر ایل بی ڈبلیو ہوگئے، دوسرے اینڈ پر موجود کرس گیل نے اپنے مخصوص جارحانہ انداز میں بیٹنگ شروع کی اور تیزی سے ٹیم کو ہدف کی جانب لے جانے لگے۔

اس دوران انھوں نے پاکستانی اسپنر شاداب خان کے ایک اوور میں 32 رنز بنائے،ابتدائی2 بالز پر چھکے، اگلی 2 گیندوں پر چوکے اور پھر آخر میں 2 سکسرز جڑے۔ اس طرح گیل نے صرف 44 بالز پر 94 رنز بناکر ٹیم کی 6 وکٹ سے فتح میں کلیدی کردار ادا کیا تاہم وہ مسلسل دوسری سنچری اسکور نہیں کرپائے، ایک رات قبل ہی انھوں نے  ناقابل شکست 122 رنز بنائے تھے، گیل کی اننگز کا اختتام محمد نواز نے شاندار کیچ تھام کر کیا، آخر میں شعیب ملک اور ڈینیئل سیمز نے بالترتیب 34 اور 16 رنز ناٹ آؤٹ بناکر ٹیم کو 16.3 اوورز میں ہدف عبور کرا دیا۔

حفیظ نے2اوورز میں 5ر نز دے کر ایک وکٹ لی، شاداب خان نے4اوورز میں 66 رنز دیے۔ اس سے قبل ایڈمنٹن رائلز نے 9 وکٹ پر 165 رنز اسکور کیے، بین کٹنگ 72اور محمد نواز 40رنز بنانے میں کامیاب رہے، حفیظ نے صرف 6 رنزاسکور کیے، شعیب ملک نے 3 اوورز میں 18 رنز دے کر ایک وکٹ لی۔

The post کینیڈین لیگ؛ شاداب ، گیل کے لاٹھی چارج کی زد میں آ گئے appeared first on ایکسپریس اردو.



شکریہ ایکسپریس اردو » کھیل

ایک تبصرہ شائع کریں

جدید تر اس سے پرانی

ویب سائٹ کے بارے میں