پی سی بی کرکٹ کمیٹی کا پہلا اجلاس ’’ڈرا‘‘ ہو گیا

 لاہور:  پی سی بی کرکٹ کمیٹی کا پہلا اجلاس ’’ڈرا‘‘ ہو گیا، 5 گھنٹے طویل نشست کا کوئی نتیجہ برآمد نہیں ہوسکا،بالآخر منگل کو دوبارہ ٹیلی فون پر ارکان سے مشاورت کا فیصلہ کیا گیا، آئندہ ہفتے کے دوران سفارشات مرتب کرکے چیئرمین پی سی بی احسان مانی کے حوالے کردی جائیں گی۔

تفصیلات کے مطابق غیرفعال کرکٹ کمیٹی محسن خان کے گھر جانے پر زندہ ہوئی، ایم ڈی پی سی بی وسیم خان نے اس کی سربراہی بھی خود سنبھال لی، جمعے کو ان کی زیرصدارت پہلا اجلاس5گھنٹے تک جاری رہا، اس دوران کوچ، کپتان اور سابق چیف سلیکٹر کے بیانات کا جائزہ لینے کے بعد اراکین نے کارکردگی کا پوسٹ مارٹم جاری رکھا،مگر مستقبل کے حوالے سے کسی نتیجے پر نہیں پہنچ سکے،بالآخر فیصلہ کیا گیا کہ جمعے کو پیش کی جانے والی تجاویز پر حتمی مشاورت منگل کو ٹیلی فون پر کی جائے گی،اراکین سے رائے لینے کے بعد سفارشات مرتب کرکے اگلے ہفتے کے دوران ہی چیئرمین پی سی بی احسان مانی کے حوالے کردی جائیں گی۔

ذرائع نے بتایا کہ میٹنگ میں سرفراز احمد سے باز پرس کے دوران اراکین کا رویہ زیادہ سخت نہیں رہا،ان سے سخت سوالات ہوئے تو پیار سے سمجھایا بھی گیا،کپتان نے چند مسائل کی نشاندہی کرتے ہوئے مجموعی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا، ذرائع کے مطابق نئے چیف سلیکٹر کے بارے میں میٹنگ میں کوئی بات نہیں ہوئی۔یاد رہے کہ انضمام الحق کی جانب سے مزید کام جاری نہ رکھنے کا اعلان کیے جانے کے بعد پی سی بی کو چیف سلیکٹر کا انتخاب بھی کرنا ہے،امیدواروں اور تعلقات استعمال کرنے والوں کی طویل فہرست میں سے کسی ایک کو منتخب کرنا آسان نہیں ہوگا،نئے چیف سلیکٹر کو سینٹرل کنٹریکٹ پانے والے کرکٹرز کا فیصلہ کرنے کے بعد سری لنکا سے سیریز اور پھر پی ایس ایل کیلیے پلیئرز پول بھی تیار کرنا ہے، سرفراز احمد کی کپتانی کا مستقبل بھی ہوا میں معلق ہے۔

The post پی سی بی کرکٹ کمیٹی کا پہلا اجلاس ’’ڈرا‘‘ ہو گیا appeared first on ایکسپریس اردو.



شکریہ ایکسپریس اردو » کھیل

ایک تبصرہ شائع کریں

جدید تر اس سے پرانی

ویب سائٹ کے بارے میں