ڈیوس کپ ٹائی؛ بھارت کو سخت سیکیورٹی کی یقین دہانی

نئی دہلی:  پاکستان نے ڈیوس کپ ٹائی کیلیے بھارت کو سخت سیکیورٹی کی یقین دہانی کرا دی۔

بھارت نے آخری مرتبہ ڈیوس کپ ٹائی کیلیے پاکستان کا دورہ 1964 میں کیا تھا جبکہ دونوں میں آخری ٹائی 2006 میں ممبئی میں ہوئی، اس دوران 1973 میں ٹائی کی میزبانی نیوٹرل وینیو پر ملائیشیا نے کی تھی۔ اب بھارتی ٹیم ایشیا اوشیانا گروپ ون کیلیے ستمبر میں پاکستان کا رخ کرنے والی ہے جہاں پر یہ ٹائی 14 اور 15 ستمبر کو شیڈول ہے۔

آل انڈیا ٹینس ایسوسی ایشن پہلے ہی پاکستان کے ٹور کی تصدیق کرچکی تاہم بھارتی میڈیا اس معاملے میں بھی ٹانگ اڑانے سے باز نہیں آرہا، ایک بھارتی اخبار کے رابطہ کرنے پر پاکستان ٹینس کے سیکریٹری کرنل ریٹائرڈ گل رحمان نے واضح کیا کہ جب بھی آپ کہیں کھیلنے جاتے ہیں تو مناسب انتظامات کرنا میزبان ملک کی ذمہ داری ہوتی ہے، ہم بھی بھارتی پلیئرز کی سیکیورٹی کیلیے سخت ترین انتظامات کررہے ہیں تاہم ان کی تفصیل ٹیلی فون پر شیئر نہیں کی جا سکتی۔

یاد رہے کہ بعض بھارتی میڈیا رپورٹس میں یہ افواہ بھی پھیلائی گئی کہ کھلاڑیوں کو پاکستان کے سفر پر تحفظات ہیں،البتہ انڈین فیڈریشن کے ہیرونموئے چیٹرجی نے ان دعوئوں کو مسترد کردیا، انھوں نے کہا کہ جس طرح کی تصویر کشی ہوئی حقیقت ایسی نہیں ہے، چونکہ پاکستان کا سفر درپیش ہے اس لیے پلیئرز نے سیکیورٹی انتظامات کے بارے میں پوچھا تھا۔

ڈیوس کپ ٹیم کے کپتان مہیش بھوپاتی نے مجھ سے معلوم کیا کہ کیا پاکستان میں کھیلنے کی کلیئرنس مل چکی، ہم نے ان کے تحفظات دور کردیے ہیں۔ چیٹرجی نے مزید کہا کہ ہمیں وزارت خارجہ سے این او سی کی ضرورت نہیں کیونکہ ہم صرف وزارت کھیل کو جوابدہ اور انھوں نے اجازت دے دی ہے۔

The post ڈیوس کپ ٹائی؛ بھارت کو سخت سیکیورٹی کی یقین دہانی appeared first on ایکسپریس اردو.



شکریہ ایکسپریس اردو » کھیل

ایک تبصرہ شائع کریں

جدید تر اس سے پرانی

ویب سائٹ کے بارے میں