کراچی: سابق عالمی چیمپئن محمدآصف نے دلچسپ مقابلے کے بعد مبشررضا کو 7 کے مقابلے میں 8 فریمزسے شکست دیکر11 ویں این بی پی کپ قومی رینکنگ اسنوکر چیمپئن شپ جیت لی۔
اس کامیابی کے ساتھ ہی آصف قومی رینکنگ میں پہلی پوزیشن پاکر عالمی کپ اسنوکر چیمپئن شپ میں ملک کی نمائندگی کے حقدار بھی بن گئے، این بی پی اسپورٹس کمپلیکس کے اسنوکر جمنازیم میں منعقدہ 9 روزہ چیمپئن شپ کے فائنل میں دونوں کھلاڑیوں نے عمدہ مہارت کا مظاہرہ کیا، تاہم فیصل آباد سے تعلق رکھنے والے محمد آصف نے ساڑھے 4گھنٹے تک جاری رہنے والے سنسنی خیز مقابلے میں اپنے تجربے کو بروئے کار لاتے ہوئے لاہور کے مبشر رضاکو قابو کرلیا، ملک کے ٹاپ 32 قومی کھلاڑیوں کے درمیان منعقدہ چیمپئن شپ کے فائنل میں مجموعی طور پر تین سنچری بریک کھیلے گئے، جن میں سے 2آصف کے نام رہے۔
محمد آصف نے اس فتح کے ساتھ ہی قومی رینکنگ میں پہلی پوزیشن پاکر عالمی کپ اسنوکر چیمپئن شپ میں پاکستان کی نمائندگی کا حق بھی پالیا، عالمی کپ اکتوبر میں ترکی کے شہرانتالیہ میں شیڈول ہے، ایونٹ میں کامیابی پر محمدآصف نے وننگ ٹرافی کے ساتھ ایک لاکھ روپے کا انعام بھی حاصل کیا جبکہ مبشر رضا نے رنر اپ ٹرافی کے ساتھ 40 ہزار روپے کیش ایوارڈ حاصل کیا، مہمان خصوصی این بی کے گروپ چیف جمال رضا باقرنے انعامات تقسیم کیے، اس موقع پرپاکستان بلیئرڈ اینڈ اینڈ اسنوکر ایسوسی ایشن کے کوچیئرمین عالمگیر شیخ، صدر منور شیخ، سیکریٹری ذوالفقار اے رمزی، نوید کپاڈیہ، اقبال قاسم اور انور فاروقی سمیت دیگر بھی موجود تھے۔
The post قومی رینکنگ اسنوکر؛ محمد آصف چیمپئن بن گئے appeared first on ایکسپریس اردو.
شکریہ ایکسپریس اردو » کھیل