لاہور: سری لنکا کیخلاف ہوم سیریز کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کی تیاریوں کا پہلا مرحلہ مکمل ہوگیا۔
پلیئرز نے اتوارکوبھی قذافی اسٹیڈیم میں بھرپور پریکٹس کی، کھلاڑیوں کو نہ صرف نیٹس میں بیٹنگ اور بولنگ میں جوہردکھانے کے بھرپورمواقع فراہم کیے گئے بلکہ محدود اوورزکے پریکٹس میچز میں مخصوص ٹاسک کے ذریعے ان کی کارکردگی بھی جانچی گئی،کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بچنے کے لیے پلیئرز کو ڈسپلن کا سبق بھی پڑھادیا گیا،آئی لینڈرز کے خلاف3 ایک روزہ میچوں کی سیریز کے لیے حتمی اسکواڈ کا حصہ بننے والے پلیئرزپیرکی شب کراچی پہنچیں گے اورمنگل24 ستمبر سے نیشنل اسٹیڈیم میں باقاعدہ پریکٹس کا آغاز کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان 10سال کے طویل عرصے بعد سری لنکن کرکٹ ٹیم کی میزبانی کرنے کے لیے تیار ہے، آئی لینڈرز نے آخری بار 2009 میں پاکستان کا دورہ کیا تھا لیکن لاہور ٹیسٹ کے دوران بعض شدت پسندوں کی طرف سے حملے کے بعد سری لنکا ٹیم دورہ ادھورا چھوڑ کر اپنے وطن واپس لوٹ گئی تھی، عوامی توقعات پرپورا اترنے کے لیے کھلاڑیوں کی بھرپورتیاریوں کا سلسلہ لاہورمیں جاری ہے، چیف سلیکٹر مصباح الحق نے ہفتے کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں پرہجوم پریس کانفرنس کے دوران مہمان سائیڈ کیخلاف ایک روزہ سیریز کے لیے16رکنی اسکواڈ کا اعلان کیا تھا۔
اسی روز کھلاڑیوں کو پریکٹس کی بجائے آرام دیاگیا تھا تاہم اتوارکوپلیئرز ایک بار پھربھرپورردھم میں دکھائی دیے۔ذرائع کے مطابق صبح کے اوقات میں نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ٹیم کے لیے خصوصی سیشن کا اہتمام کیا گیا جس میں کھلاڑیوں کوسری لنکا کیخلاف سیریزکیلیے کوڈ آف کنڈکٹ کے بارے میں خصوصی لیکچردیا گیا جس میں کوڈ آف کنڈکٹ کے بارے میں بریفنگ کے دوران پلیئرز کوباورکروایا گیا کہ سیریز کے میچز کے دوران وہ کسی بھی مشکوک شخص سے ملنے سے اجتناب کریں، اس موقع پر کھلاڑی خوش گوار موڈ میں بھی دکھائی دیے اورانھوں نے سیلفیاں بھی بنائیں۔
دوسرا سیشن قذافی اسٹیڈیم میں ہوا، ابتدا میں کھلاڑیوں کی فٹنس میں بہتری لانے کے لیے خصوصی مشقیں کروائی گئیں، بعد ازاں پلیئرزکونیٹس میں بیٹنگ اور بولنگ میں جوہردکھانے کے بھرپورمواقع فراہم کیے گئے۔اس موقع پرکیمپ میں موجود پلیئرزکے درمیان پانچ اور سات اوورز کے پریکٹس میچزکھلائے گئے جس میں بولرزاوربیٹسمینوں کومخصوص ٹاسک دیے گئے۔
مزید معلوم ہوا ہے کہ پیرکولاہور میں کوئی پریکٹس نہیں ہوگی، اسی رات پاکستانی ٹیم کراچی کے لیے روانہ ہو جائے گی اور اگلے روز نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں باقاعدہ ٹریننگ کا آغازکریگی، 25ستمبر کو ہی سری لنکا کی کرکٹ ٹیم کی کراچی آمد شیڈول ہے، پاکستان اورسری لنکا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین ایک روزہ میچوں کی سیریزکا پہلا میچ 27ستمبر کو کھیلا جائے گا، 29ستمبر کودونوں ٹیمیں ایک بار پھر نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں ایک دوسرے کے مدمقابل ہوںگی جبکہ سیریز کا تیسرا اور آخری میچ 2اکتوبر کو کھیلا جائے گا، پاکستان اورسری لنکا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین ٹوئنٹی20میچوں کی سیریز 5 اکتوبر سے لاہور میں شروع ہوگی۔
The post سری لنکا سے ہوم سیریز، قومی ٹیم آج شب کراچی پہنچے گی appeared first on ایکسپریس اردو.
شکریہ ایکسپریس اردو » کھیل