لاہور: سری لنکا سے سیریز کی تیاری کیلیے قومی کرکٹرز کی مشقوں کا آغاز ہوگیا، کوچز کی توجہ ٹاپ آرڈر پر مرکوز رہی جب کہ فخرزمان، امام الحق، عابد علی اور بابر اعظم کو ماربل سلیب پر پریکٹس کرائی گئی۔
سری لنکا سے ون ڈے سیریز کی تیاری کیلیے ممکنہ کرکٹرز کا تربیتی کیمپ گزشتہ روز لاہور میں شروع ہوگیا،ٹریننگ میں شرکت لازمی نہیں تھی لیکن سرفراز احمد اور محمد حسنین کے سوا تمام میدان میں موجود تھے، دونوں کی کراچی سے لاہور آمد گذشتہ شب متوقع تھی، وارم اپ اور فیلڈنگ پریکٹس کے بعد نیٹ میں ٹاپ آرڈر پر خصوصی توجہ دی گئی۔
ہیڈ کوچ مصباح الحق کے معاون شاہد اسلم نے فخرزمان، امام الحق، عابد علی اور بابر اعظم کو ماربل سلیب پر پریکٹس کرائی،انھوں نے تمام بیٹسمینوں کو باری باری کریز پر بلایا اور ہر 6میں سے 4گیندوں کو ماربل سلیب کے اوپر سے اچھالا، باقی معمول کے مطابق پچ سے اٹھتی ہوئی آتیں، شاہد اسلم نے خاص طور پر عابد علی کے اسٹروکس چیک کرتے ہوئے انھیں فٹ ورک کے بارے میں بتایا کہ جسم اور آنکھوں کا تال میل ہونے سے ہی گیند کی لائن میں آکر کھیل سکو گے۔
ٹاپ آرڈر کے تمام بیٹسمین اس مشق کے بعد شاداب خان اور محمد نواز سمیت اسپنرز کا سامنا کرتے ہوئے اپنے اسٹروکس بہتر بنانے کی کوشش کرتے رہے،یہاں پر عمر اکمل نے بھی طویل سیشن کیا اور ہیڈ کوچ مصباح الحق کی ہدایات پر عمل کرتے رہے۔
میدان کے وسط میں نیٹ پر حارث سہیل اور عماد وسیم کے بعد شاداب خان سمیت ٹیل اینڈرز نے بھی بیٹنگ میں صلاحیتوں کو بہتر بنایا،بولنگ کوچ وقار یونس نے عثمان شنواری کو لائن اور لینتھ بہتر بنانے کیلیے مشورے دیے، وہ وہاب ریاض اورمحمد عامر کی بھی رہنمائی کرتے نظر آئے۔
The post کیمپ کا آغاز، بیٹسمینوں کی ماربل سلیب پر پریکٹس appeared first on ایکسپریس اردو.
شکریہ ایکسپریس اردو » کھیل