بیجنگ: چینی پولیس نے ڈرون کی مدد سے ایک ایسے مجرم کو گرفتار کرلیا ہے جو لگ بھگ 17 سال سے مفرور تھا اور کسی بھی طرح پولیس کے ہاتھ نہیں آرہا تھا۔
سونگ جیانگ نامی مجرم سال 2002ء میں چینی صوبے سچوان کے ایک کیمپ سے فرار ہوگیا تھا۔ اس وقت سونگ کی عمر 63 برس تھی اور اس پر مقدمات چل رہے تھے۔ اب اسے صوبے یونن کے علاقے یونگشان کاؤنٹی سے گرفتار کیا گیا ہے۔ یہ علاقہ اس کے گھر کے قریب ہے۔
چالاک مجرم سبزے میں گھرے پہاڑی علاقے میں ایک تنگ غار میں رہ رہا تھا۔ بعض شواہد کی بنا پرماہِ ستمبر میں پولیس کو اس علاقے میں مجرم کی موجودگی کی اطلاع ملی تھی لیکن یہ جگہ دشوار گزار اور ناقابلِ رسائی تھی۔ اسی لیے پولیس نے پہلے ڈرون بھیجنے کا ارادہ کیا۔ معمول کی پرواز کے دوران ڈرون نے ایک منظر میں سونگ کو دیکھ لیا۔ اس کے بعد پولیس کی تین پارٹیوں کو وہاں تعینات کیا گیا جس کے بعد مجرم کو ہتھکڑی لگادی گئی۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ گرفتاری کے خوف یا کسی اور وجہ سے سونگ ایک عرصے سے یہاں مقیم تھا اور برسوں کسی سے گفتگو نہ کرنے کی باعث اسے بولنے میں شدید مشکلات کا سامنا تھا۔
پولیس نے اسے خواتین سے برے سلوک، تشدد ، بچوں سمیت ان کی اسمگلنگ کے جرم میں گرفتار کیا تھا لیکن اس نے اعترافِ جرم سے انکار کردیا تھا۔ جس کے بعد اسے ایک کیمپ میں رکھا گیا جہاں سے وہ فرار ہوگیا تھا۔
The post ڈرون نے 17 برس سے مفرور مجرم گرفتار کروادیا appeared first on ایکسپریس اردو.
شکریہ ایکسپریس اردو » دلچسپ و عجیب