ایڈاہو: گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں آئے دن نت نئے ریکارڈ درج ہوتے رہتے ہیں۔ اسی حوالے سے ایڈاہو، امریکا کے ڈیوڈ رش نے جھولتے تختے پر خود کو متوازن رکھ کر، ہوا میں اڑتے ہوئے انگوروں کو تلوار سے کاٹنے کا نیا ریکارڈ بنایا ہے۔ یہ ریکارڈ انہوں نے ایک منٹ میں 70 اُڑتے انگوروں کو تلوار سے کاٹ کر بنایا ہے۔
ڈیوڈ رش اب تک 100 سے زائد گنیز ریکارڈز بناکر دنیا بھر میں شہرت حاصل کرچکے ہیں تاہم ان کی کاوشوں کا بنیادی مقصد سائنس، ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اور ریاضی (STEM) پر مبنی تعلیم کو فروغ دینا ہے۔
ان کے ایک ساتھی نے بڑی تیزی سے ان کی طرف انگور اچھالے جنہیں وہ برق رفتاری کے ساتھ، جھولتے تختے پر خود کو سنبھالے رکھتے ہوئے، بڑی تیزی سے کاٹتے چلے گئے۔ صرف ایک منٹ میں انہوں نے اپنی تیز دھار تلوار سے، ہوا میں اُڑتے ہوئے 70 انگور کاٹ ڈالے جس کی تصدیق وہاں موجود گنیز ورلڈ ریکارڈ کے نمائندوں نے بھی کی۔
اس کے بعد انہیں ایک نیا ریکارڈ قائم کرنے کا سرٹیفکیٹ دے دیا گیا۔ یہ سب کچھ آپ بھی اس ویڈیو میں دیکھ سکتے ہیں:
ڈیوڈ رش اس سے پہلے بھی ایک گیند پر خود کو متوازن کرتے ہوئے، ہوا میں اچھالے گئے کیوی فروٹس کو تلوار سے کاٹ کر ایک ریکارڈ بنا چکے ہیں لیکن تازہ ریکارڈ کے بارے میں ان کا کہنا ہے کہ اس طرح سے ہوا میں انگوروں کو تلوار سے کاٹنا بہت مشکل تھا کیونکہ اوّل تو انگور بہت ہلکے ہوتے ہیں اور دوسرے بہت نرم بھی ہوتے ہیں جس کی وجہ سے وہ ٹکڑوں میں کٹنے کے بجائے ادھر اُدھر ہوسکتے ہیں۔
ابتدائی مشقوں کے دوران وہ ایک منٹ میں صرف 18 انگور ہی کاٹ پائے تھے لیکن غیرمعمولی تیاری کے بعد انہوں نے یہ نیا ریکارڈ قائم کردیا۔
The post ہوا میں اُڑتے انگوروں کو تلوار سے کاٹنے کا عالمی ریکارڈ appeared first on ایکسپریس اردو.
شکریہ ایکسپریس اردو » دلچسپ و عجیب