کیلیفورنیا: واٹس ایپ اس وقت دنیا بھر میں اربوں افراد استعمال کررہے ہیں۔ اس کی ایپ آئے دن اپ ڈیٹ ہوتی رہتی ہے۔ اب خبر یہ ہے کہ واٹس ایپ پیغام میں وقت کے ساتھ ساتھ ازخود ختم ہونے کا آپشن بھی آزمایا گیا ہے لیکن یہ بی ٹا ورژن میں ہے اور اس وقت بھی لائیو نہیں۔ دوسری جانب کمپنی نے اس آپشن کو باقاعدہ جاری کرنے کے متعلق بھی کچھ نہیں بتایا ہے۔
اسے ’’ڈس اپیئرنگ میسج‘‘ کا نام دیا گیا ہے۔ اس کے تحت آپ واٹس ایپ چیٹ میں جن میسجز پر نشان لگائیں گے، وہ آپ کے مقرر کردہ وقت پر ازخود ڈیلیٹ ہوجائیں گے۔ اس کی مدت پانچ سیکنڈ سے لے کر ایک گھنٹے تک ہوسکتی ہے جو آپشن سے بھی ظاہر ہے۔
اس وقت گوگل پلے اسٹور پر واٹس ایپ بی ٹا کا جو ورژن موجود ہے اس کا نمبر v2.19.275 ہے۔ اس وقت آپ کی واٹس ایپ پر شاید یہ نظر نہ آئے لیکن بعض افراد کو اس آپشن تک رسائی دی گئی ہے اور وہ اسے آزمارہے ہیں۔ بی ٹا ٹیسٹر کسی بھی سافٹ ویئر کی اچھائی اور برائی جاننے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ اسی بنا پر کمپنیاں اپنے سافٹ ویئر اور ایپس کے اپ گریڈ ورژن میں جدت پیدا کرتی ہیں۔
ایپ تجزیہ کاروں کے مطابق واٹس ایپ میں وقت کے ساتھ غائب ہونے والے میسجز کے آپشنز کی ضرورت محسوس کی جارہی تھی اور اس سے ایپ مزید بہتر ہوسکے گی۔
The post واٹس ایپ نے غائب ہونے والے پیغامات پر کام شروع کردیا appeared first on ایکسپریس اردو.